وائی ایس آر کانگریس میں شمولیت کا ا علان ، صدر تلگودیشم و اسپیکر کو مکتوبات
حیدرآباد /6 مارچ ( سیاست نیوز ) تلگودیشم پارٹی رکن ا سمبلی گنٹور مسٹر ایم وینوگوپال ریڈی نے تلگودیشم پارٹی کی رکنیت سے اور اسمبلی کی رکنیت سے بھی استعفی دے دیا اور توقع کی جارہی ہے کہ مسٹر وینو گوپال بہت جلد صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے ملاقات کرکے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔ مسٹر وینوگوپال نے واضح طور پر کہا کہ ا پنے بعض شخصی وجوہات کی وجہ سے ہی تلگودیشم پارٹی سے مستعفی ہوئے ہیں اور صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کو اپنا مکتوب استعفی روانہ کرچکے ہیں ۔ علاوہ ازیں اسمبلی رکنیت سے مستعفی ہونے کا مکتوب اسپیکر آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی ڈاکٹر کے سیوا پرساد راؤ کو بھی روانہ کرچکے ہیں ۔ مسٹر وینوگوپال ریڈی نے اپنے حامیوں سے کہا کہ تلگودیشم پارٹی میں ان کیلئے حالات کچھ سازگار نہیں ہیں ۔ ان تمام حالات کی روشنی میں ہی پارٹی اور اسمبلی کی رکنیت سے استعفی دیکر ہی وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا رخ کرنے پر مجبور ہیں ۔ لہذا وہ مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی سے 9 مارچ کو ملاقات کرکے وائی ایس آر کانگریس پارٹی میں شامل ہوجائیں گے ۔