رکن اسمبلی جناردھن ریڈی کے خلاف الیکٹورل آفیسرس سے کانگریس کی شکایت

   

Ferty9 Clinic

حیدرآباد: 29 اگست (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج سے نمائندگی کرتے ہوئے بی آر ایس کے رکن اسمبلی ایم جناردھن ریڈی کو انتخابات میں حصہ لینے سے نااہل قرار دینے کا مطالبہ کیا۔ نائب صدور پردیش کانگریس جی نرنجن اور ڈاکٹر ملو روی نے چیف الیکٹورل آفیسر سے ملاقات کرتے ہوئے یادداشت پیش کی جس میں کہا گیا کہ بی آر ایس رکن اسمبلی ایم جناردھن ریڈی نے کانگریس قائدین کو ہلاک کرنے کی دھمکی دی ہے۔ رکن اسمبلی نے ناگرکرنول میں 27 اگست کو جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے یہ دھمکی دی۔ بی جناردھن ریڈی، ناگرکرنول اسمبلی حلقہ سے بی آر ایس کے امیدوار ہیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس قائدین کو گولی مارکر ہلاک کردیں۔ یادداشت میں کہا گیا ہے کہ برسر عام ایک عوامی نمائندے کی جانب سے عوام کو مشتعل کرنا غیر قانونی اور غیر دستوری ہے۔ سوشل میڈیا میں رکن اسمبلی کی تقریر وائرل ہوچکی ہے۔ کانگریس قائدین نے بتایا کہ بی آر ایس کی کونسلر شریمتی رینوکا (سوریا پیٹ) نے انسانی حقوق کمیشن میں درخواست داخل کرتے ہوئے اپنی اور شوہر کی زندگی کو ریاستی وزیر جگدیش ریڈی سے خطرہ لاحق ہونے کی شکایت کی ہے۔ کونسلر سے شوہر مارکٹنگ سوسائٹی کے صدرنشین ہیں جنہوں نے اسمبلی ٹکٹ کی درخواست دی تھی۔ کانگریس قائدین نے دونوں معاملات میں کارروائی کرنے کی اپیل کی۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے شکایات کا جائزہ لینے کا تیقن دیا۔