عوامی مسائل کی سماعت ، فلاحی اسکیمات میں تلنگانہ ملک میں مثال
حیدرآباد ۔ 10۔ جولائی (سیاست نیوز) کانگریس ہیڈ کوارٹرس گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات پروگرام کے تحت رکن اسمبلی جی ونود کمار نے آج عوامی نمائندگیوں کی سماعت کی ۔ انہوں نے موصولہ درخواستوں کی یکسوئی کے لئے اعلیٰ عہدیداروں کی توجہ مبذول کرائی ۔ بعد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے جی ونود کمار نے کہا کہ حکومت کو عوام کے قریب لانے کے مقصد سے صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے وزراء اور عوامی نمائندوں کی گاندھی بھون میں دستیابی کا شیڈول تیار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہفتہ میں ایک دن ریاستی وزراء اور روزانہ عوامی نمائندے گاندھی بھون میں عوام سے ملاقات کرتے ہوئے نمائندگیاں وصول کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسائل کے حل کے لئے عہدیداروں کو ضروری ہدایات دی گئی ہیں۔ ونود کمار نے کہا کہ کانگریس پارٹی نے ہمیشہ غریبوں کی بھلائی کو ترجیح دی ہے۔ تلنگانہ میں عوامی حکومت کے قیام کے بعد سے 18 ماہ میں حکومت نے فلاحی کاموں کا ریکارڈ قائم کیا ہے ۔ ہندوستان کی کوئی اور ریاست تلنگانہ کی طرح اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اہم انتخابی وعدوں کی تکمیل کے علاوہ نئی اسکیمات کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کرشنا اور گوداوری دریاؤں میں تلنگانہ کے آبی حقوق کے تحفظ کے لئے حکومت جدوجہد کر رہی ہے۔ وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے دو مرتبہ پاور پوائنٹ پریزینٹیشن کے ذریعہ عوامی نمائندوں کو تفصیلات سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ بیلم پلی میونسپلٹی کی ترقی کیلئے خصوصی فنڈس جاری کرنے چیف منسٹر ریونت ریڈی سے درخواست کی گئی ہے۔1