پارٹی صدارت کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت نہ دینے پر ناراض
حیدرآباد : 30 جون ( سیاست نیوز) بی جے پی کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے تلنگانہ بی جے پی صدارت کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی اجازت نہ دینے پر پارٹی سے استعفی کا اعلان کیا اور مکتوب استعفی ریاستی صدر و مرکزی وزیر جی کشن ریڈی کو پیش کردیا ۔ تلنگانہ بی جے پی صدارتی انتخابات کے درمیان ڈرامائی حالات منظر عام پر آئے ، گزشتہ چند دنوں سے بی جے پی صدارت کیلئے دعویداری پیش کرنے والے اسمبلی حلقہ گوشہ محل رکن اسمبلی راجہ سنگھ آج پرچہ نامزدگی داخل کرنے پارٹی آفس پہنچے ۔ تاہم پارٹی قائدین نے انہیں قومی قیادت سے سابق ایم ایل سی رامچندر راؤ کے نام کی تجویز سے واقف کرایا جس پر راجہ سنگھ ناراض ہوگئے اور پارٹی سے مستعفی ہوگئے ۔ انہوں نے میڈیا سے کہاکہ وہ پارٹی کے سینئر رکن اسمبلی ہیں اور تلنگانہ بی جے پی صدارتی عہدہ کے اہل ہیں ۔ بی جے پی سنٹرل کونسل کے تین ارکان نے ان کے پرچہ نامزدگی پر دستخط کی ہے اور وہ میرے ساتھ پرچہ نامزدگی داخل کرنے پارٹی آفس پہنچے تاہم پارٹی قائدین نے انہیں دھمکایا جس سے وہ دلبرداشتہ ہوگئے اور پارٹی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہورہے ہیں اور جلد اسمبلی رکنیت سے بھی مستعفی ہوجائیں گے ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ آج سے ان کا بی جے پی سے کوئی تعلق نہیں ہے ۔ وہ تلنگانہ بی جے پی صدر کشن ریڈی سے ملاقات کرکے مکتوب استعفی پیش کرچکے ہیں اور اسپیکر اسمبلی کو بھی مکتوب روانہ کردینے مطالبہ کرچکے ہیں ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ پہلے سے صدر کا انتخاب مضحکہ خیز ہے ۔ پارٹی قائدین من پسند قائدین کو صدر بنارہے ہیں ۔ تلنگانہ میں بی جے پی اقتدار حاصل کرسکتی ہے ۔ مگر مقامی قائدین قومی قائدین کو جھوٹی رپورٹس پیش کرکے گمراہ کررہے ہیں ۔ وہ بی جے پی کو تلنگانہ میں مستحکم کرچکے ہیں مگر پارٹی نے ہمیشہ انہیں نظرانداز کیا ہے ۔2