مکتھل۔/19 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) رکن اسمبلی مکتھل مسٹر واکٹی سری ہری کو ان کی فعالیت اور عوامی خدمت و انسانی ہمدردی کیلئے گلوبل پیس یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ ایک بڑی تقریب میں ’’ ڈاکٹریٹ ‘‘ کے اعزاز سے نوازا۔ گلوبل پیس یونیورسٹی کا یہ ایک بڑا اور نمایاں اعزاز رکن اسمبلی مکتھل مسٹر واکٹی سری ہری کو ان کی انسانی و فلاحی خدمت پر دیا گیا۔ مسٹر سری ہری ایم ایل اے مکتھل جو سڑک حادثات میں زخمی اور متاثرین کو اپنی انسانی ہمدردی کی بنیاد پر اپنی گاڑی میں بروقت دواخانوں تک پہنچانے اور انہیں طبی امداد پہنچانے میں بھی اپنی خدمات کا ایک منفرد و بے مثال ریکارڈ رکھتے ہیں۔ اس کے علاوہ بھی مختلف ضرورتمندوں کی ضرورت کی تکمیل میں بھی ان کی شاندار خدمات کو ملحوظ رکھتے ہوئے گلوبل پیس یونیورسٹی کی جانب سے آج ٹاملناڈو کے پانڈچیری میں انہیں ڈاکٹریٹ کے اعزاز سے نوازا گیا۔ جس کے باعث مکتھل میں خوشی کا ماحول دیکھا گیا۔ کانگریس پارٹی کارکنوں نے اپنے قائد کے اس اعزاز و ایوارڈ پر امبیڈ کر چوراہا پر جشن منایا اور پٹاخے چھوڑے جس میں پارٹی قائدین کٹا سریش گپتا، بی گنیش کمار، لکشمن، گول پلی نارائنا، چنہ ساگر، نور الدین، محمد فیاض، حسام الدین، عبدالرحمن ، بویا روی کمار، کاویلی نائیپا، محمد افروز ، پیر پاشاہ، منظور الہی، شیکھر، نرسملو و دیگر موجود تھے۔