رکن اسمبلی کنٹونمنٹ جی سائنا کا دیہانتچیف منسٹر اور ریاستی وزراء کا خراج

   

حیدرآباد۔/19فروری، ( سیاست نیوز) سینئر رکن اسمبلی جی سائنا کا آج دیہانت ہوگیا۔ کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ کی نمائندگی کرنے والے جی سائنا کی عمر 71 سال تھی اور وہ گذشتہ چند ماہ سے گردہ کے عارضہ کا شکار تھے۔ تین دن قبل انہیںسینہ میں تکلیف کی شکایت پر حیدرآباد کے ایک خانگی ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں آج ان کی حالت مزید بگڑ گئی اور علاج کے دوران دیہانت ہوگیا۔اطلاع ملتے ہی چیف منسٹر کے سی آر نے آنجہانی کی قیامگاہ پہنچ کر خراج پیش کیا اور لواحقین کو پرسہ دیا۔ سائنا نے تلگودیشم پارٹی سے اپنے سیاسی سفر کا آغاز کیا تھا اور 1994، 1999 ، 2004 اور 2014 میں کنٹونمنٹ اسمبلی حلقہ سے منتخب ہوئے۔ 2009 میں انہیں کانگریس امیدوار شنکر راؤ سے شکست ہوئی تھی۔ جی سائنا نے 2014 میں سابقہ ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کی اور 2018 میں ٹی آر ایس کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے تھے۔ سائنا کا جنم 5 مارچ 1951 کو حیدرآباد کے چکڑ پلی میں ہوا۔ وہ کنٹونمنٹ کے پانچ مرتبہ رکن اسمبلی رہے اور عوام میں کافی مقبول تھے۔دیہانت کی اطلاع ملتے ہی ان کے حامیوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے سائنا کے دیہانت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ اپنے تعزیتی پیام میں چیف منسٹر نے کہا کہ سائنا نے عوامی خدمات کا غیر معمولی ریکارڈ قائم کیا ہے۔ چیف منسٹر نے پسماندگان سے اظہار تعزیت کیا۔