حیدرآباد 10 فبروری ( این ایس ایس ) ایک اہم تبدیلی میں مرکزی وزارت داخلہ نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی سی ایچ رمیش کی شہریت کے تنازعہ میں ہائیکورٹ میں ایک دستاویز پیش کیا ہے ۔ اس دستاویز میں کہا گیا ہے کہ سی ایچ رمیش نے ابھی تک اپنی جرمنی کی شہریت ترک نہیں کی ہے اور انہوں نے ڈسمبر 2019 میں جرمنی کا سفر بھی کیا ہے ۔ ہائیکورٹ نے کہا کہ بادی النظر میں ہر چیز درخواست گذار رکن اسمبلی کے خلاف جاتی ہے ۔ عدالت نے انہیں ہدایت دی کہ وہ حقیقی اطلاعات پر حلفنامہ پیش کریں۔ عدالت نے آئندہ سماعت 24 فبروری کو مقرر کی ہے ۔ عدالت نے یہ احکام سی ایچ رمیش کی درخواست پر سماعت کے دوران جاری کئے ۔ رمیش نے درخواست میں عدالت سے استدعا کی ہے کہ وہ مرکزی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اس آرڈر کو کالعدم قرار دیں جس میں کہا گیا ہے کہ وہ ( سی ایچ رمیش ) ہندوستانی شہری نہیں ہیں۔ وزارت داخلہ نے اپنے احکام میں یہ بھی کہا ہے کہ سی ایچ رمیش نے ہندوستان کی شہریت فرضی دستاویزات داخل کرتے ہوئے غلط انداز میں حاصل کی ہے ۔ وزارت کا کہنا ہے کہ سی ایچ رمیش نے وزارت کو فرضی اور جعل سازی پر مشتمل دستاویزات پیش کرتے ہوئے ہندوستان کی شہریت حاصل کی تھی ۔ سی ایچ رمیش تلنگانہ میں برسر اقتدار تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے رکن اسمبلی بھی ہیں۔