رکن اسمبلی کے فرزند کے خلاف مقدمہ درج

   

پولیس عہدیدار کے ساتھ بدسلوکی اور زدوکوبی کا شاخسانہ
حیدرآباد۔/30 جولائی، ( سیاست نیوز) مادھا پور پولیس نے رکن اسمبلی کے فرزند کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جس نے خدمات انجام دینے والے پولیس عہدیدار کے ساتھ بدسلوکی کی اور مبینہ طور پر مار پیٹ کا نشانہ بنایا۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس انسپکٹرکی شکایت پر سیاستداں کے بیٹے پر مقدمہ درج کرلیاگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ شکایت گذار پولیس انسپکٹر ٹریفک مسٹر گوپال خانہ میٹ علاقہ خدمات انجام دے رہا تھا اس علاقہ میں ٹریفک جام ہوگئی اور ٹریفک کو بحال کرنے کی خاطر سارے عہدیدار جٹ گئے اس دوران ایک جانب کی راستہ والی ٹریفک کو روک کر دوسرے رُخ کی طرف موڑتے ہوئے ٹریفک کے بہاؤ کو آسان کیا جارہا تھا کہ مسٹر گوپال نے ایک طرف کی ٹریفک کو روک لیا۔ اس رُخ کی ٹریفک میں رکن اسمبلی کا بیٹا بھی تھا۔ جس نے گاڑی روکنے پر اعتراض کیا اور گاڑی سے اُتر کر انسپکٹر ٹریفک سے بدسلوکی کرنے لگا۔ گاڑی سے اُترنے کے بعد اس رکن اسمبلی کے بیٹے نے بدتمیزی کی اور وردی میں موجود اس ٹریفک اہلکار کے ساتھ نازیبا گفتگو کی اور اس کی خدمات کو اس کی ذہنیت اور ہمت سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ ’ تیری ہمت کیسے ہوئی میری گاڑی کو روکنے کی اور تو نہیں جانتا میں کون ہوں ‘ اس بات کے بعد دونوں میں بحث و تکرار شروع ہوگئی۔ اس دوران رکن اسمبلی کے بیٹے نے مبینہ طور پر انسپکٹر کو پیر سے مارا، اس واقعہ کے بعد انسپکٹرٹریفک پولیس نے مادھا پورپولیس میں شکایت کردی۔ رکن اسمبلی کے بیٹے کی شناخت سانتی پرساد کی حیثیت سے کرلی گئی۔ ضلع کرشنا کے جنگیا پیٹ حلقہ اسمبلی سے وابستہ رکن اسمبلی سانتی اودے بھانو کا بیٹا ہے ۔ پولیس مصروف تحقیقات ہے۔