رکن اسمبلی گوشہ محل راجہ سنگھ اور دیگر کو عدالت سے سزا

   

ڈی جے کو روکنے پر کانسٹبل کو زدوکوب کرنے کا شاخسانہ
حیدرآباد : /31 ڈسمبر (سیاست نیوز) نامپلی کریمنل کورٹ کی ایک خصوصی عدالت نے گوشہ محل کے بی جے پی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ اور ان کے 6 ساتھیوں کو پولیس کو زدوکوب کرنے کے کیس میں جرمانہ عائد کرتے ہوئے سزاء سنائی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق /2 مئی 2015 ء کو علاقہ منگل ہاٹ بالرام گلی علاقہ میں شادی کی بارات کے دوران قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی جے سسٹم چلایا جارہا تھا جس پر منگل ہاٹ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک کانسٹبل ایم بی چندر شیکھر نے ڈی جے کو روکنے کی کوشش کی ۔ جس کے نتیجہ میں شادی کی تقریب منعقد کرنے والے وجیندر سنگھ نے پولیس کو ڈیوٹی انجام دینے سے روک دیا ۔ اسی دوران اس نے وہاں کے مقامی رکن اسمبلی ٹی راجہ سنگھ کو بھی طلب کرلیا اور ان کی مدد سے پولیس عملہ پر حملہ کرتے ہوئے انہیں دھمکایا ۔ اس سلسلہ میں منگل ہاٹ پولیس نے تعزیرات ہند کے دفعہ 353 ، 323 ، 506 کے تحت ایک مقدمہ درج کیا تھا اور ان کے خلاف چارج شیٹ بھی داخل کی گئی تھی ۔ پولیس پر حملہ کرنے کے کیس کی سماعت نامپلی کریمنل کورٹ کے خصوصی سیشن جج برائے ایم ایل اے ، ایم پی کیسیس پر ہوئی آج جج نے راجہ سنگھ اور اس کے 6 ساتھیوں دنیش سنگھ ، منیش سنگھ ، وجیندر سنگھ ، سندیپ سنگھ ، راہول سنگھ اور وینکٹ راؤ کو مذکورہ دفعات میں قصوروار پائے جانے پر 6500 روپئے فی کس جرمانہ عائد کرتے ہوئے انہیں سزاء سنائی ۔