رکن راجیہ سبھا سنتوش کمار نے نابینا بچوں کے ساتھ سالگرہ منائی

   

اسکول کیلئے 10 لاکھ کا عطیہ، مختلف قائدین نے شجر کاری کے ذریعہ مبارکباد دی

حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے جنرل سکریٹری اور رکن راجیہ سبھا جے سنتوش کمار کی سالگرہ کے موقع پر آج کئی وزراء اور ٹی آر ایس قائدین نے شجرکاری مہم میں حصہ لیتے ہوئے مبارکباد پیش کی۔ سنتوش کمار نے گرین چیلنج کے نام سے شجرکاری کی مہم شروع کی ہے جس کے تحت ہر شخص پودا لگانے کے بعد دوسرے کو گرین چیلنج کرتا ہے۔ کئی قومی قائدین نے گرین چیلنج قبول کرتے ہوئے شجرکاری مہم میں حصہ لیا۔ کئی فلمی شخصیتوں اور ریاست کی اہم سیاسی شخصیتوں نے بھی اس مہم کی تائید کی۔ جے سنتوش کمار کی سالگرہ کے موقع پر انہیں مبارکباد دینے والے قائدین کا تانتا بندھ چکا تھا۔ سنتوش کمار نے نابیناؤں کے اسکول میں اپنی سالگرہ منائی۔ دیونار بلائنڈ اسکول کے طلبہ اور اسٹاف کے ساتھ انہوں نے کیک کاٹا اور نابینا بچوں کو کیک کھلایا۔ اسکول کے احاطہ میں سنتوش کمار نے 5 پودے لگائے۔ اس موقع پر فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین پی راجیشور ریڈی ایم ایل سی کے علاوہ ارکان کونسل کے نوین کمار، پوچم پلی سرینواس ریڈی، ٹی آر ایس قائدین ڈی وٹھل، واسودیو ریڈی اور ٹی آر ایس لیجسلیچر پارٹی کے آفس سکریٹری رمیش کمار ریڈی اور دوسرے موجود تھے۔ فارمرس کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدر نشین پی راجیشورریڈی کے علاوہ ارکان کونسل نوین کمار، پوچم پلی سرینواس ریڈی، ایس سبھاش ریڈی اور ڈی وٹھل نے فی کس 2 لاکھ روپئے کے عطیہ کا اعلان کیا۔ اس طرح نابیناؤں کے اسکول کیلئے جملہ 10 لاکھ روپئے کے عطیات کا سنتوش کمار کی موجودگی میں اعلان کیا گیا۔ سنتوش کمار نے بعد میں امیر پیٹ میں واقع گردوارہ میں حاضری دی اور خصوصی دعا میں حصہ لیا۔ ریاستی وزراء کے ٹی راما راؤ، ہریش راؤ، سابق رکن پارلیمنٹ کویتا کے علاوہ دیگر شخصیتوں نے سنتوش کمار کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر شہر اور اضلاع میں ٹی آر ایس کے عوامی نمائندوں نے مختلف فلاحی پروگراموں کا اہتمام کیا اور شجرکاری میں حصہ لیا۔ سنتوش کمار نے اپیل کی تھی کہ ان کی سالگرہ کے موقع پر تحائف یا گلدستے پیش کرنے کے بجائے ہر شخص پودے کے ساتھ سیلفی روانہ کرے جسے وہ اپنے اکاؤنٹ سے سوشیل میڈیا میں پیش کریں گے۔