رکن لوک سبھا کی حیثیت سے پرینکا گاندھی نے لیا حلف

   

پارلیمنٹ میں عوامی مسائل کو اٹھانامیری ترجیح:کانگریس جنرل سکریٹری

نئی دہلی: پرینکا گاندھی واڈرا نے آج جمعرات 28 نومبر 2024 کو لوک سبھا کی رکنیت کا حلف لے لیا۔ لوک سبھا کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے ان کا نام پکارا اور انہیں لوک سبھا کی رکنیت کا حلف دلایا گیا۔ قبل ازیں پرینکا گاندھی اپنی والدہ اور کانگریس پارلیمانی پارٹی کی لیڈر سونیا گاندھی اور راہول گاندھی کے ساتھ پارلیمنٹ ہاؤس کامپلکس پہنچیں۔ بعد میں وہ راہول گاندھی کے ساتھ لوک سبھا گئیں جہاں انہیں ایوان کی رکنیت کا حلف دلایا گیا۔کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے لوک سبھا کی رکنیت کا حلف لینے کے بعد کانگریس کے صدر ملکارجن کھرگے سے ملاقات کی اور ان سے رہنمائی اور آشیرواد حاصل کیا۔ پرینکا گاندھی نے کہا کہ ان کے لیے آئین سب سے مقدم ہے اور پارلیمنٹ میں عوام سے جڑے مسائل کو اٹھانا ان کی ترجیح ہوگی۔ پرینکا گاندھی نے حلف لینے کے بعد پارلیمنٹ ہاؤس کمپلیکس میں صحافیوں کے سوالوں کے جواب میں کہا کہ وہ لوک سبھا میں اپوزیشن لیڈر راہول گاندھی کے ساتھ مل کر لڑتی رہیں گی۔ اس موقع پر راہول گاندھی کافی خوش نظر آئے اور انہوں اپنے موبائل پر اپنی بہن پرینکا گاندھی کی تصاویر بھی لیں۔پرینکا گاندھی نے کیرالا کے وائناڈ لوک سبھا سیٹ پر شاندار کامیابی حاصل کی ہے جہاں انہوں نے 4 لاکھ سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے سی پی آئی کے امیدوار ستین موکری کو شکست دی۔ وائناڈ میں یہ انتخاب کانگریس کیلئے ایک اہم فتح ثابت ہوا ہے کیونکہ یہ سیٹ راہول گاندھی نے خالی کی تھی جب انہوں نے 2024 کے عام انتخابات کے دوران اتر پردیش کے رائے بریلی سے بھی کامیابی حاصل کی اور وہاں سے استعفیٰ دے دیا تھا۔پرینکا گاندھی کی پارلیمنٹ میں آمد ایک اہم موقع ہے کیونکہ اس سے قبل وہ صرف پارٹی کی جنرل سکریٹری کے طور پر سرگرم رہی تھیں لیکن اب وہ منتخب نمائندہ کے طور پر ایوان میں قدم رکھ رہی ہیں۔پرینکا گاندھی کی کامیابی کا جشن پورے کانگریس کی صفوں میں منایا گیا اور انہیں پارٹی کے کئی رہنماؤں کی حمایت بھی حاصل ہوئی۔ ان کی اس کامیابی سے کانگریس میں ایک نئی امید کی لہر پیدا ہوئی ہے، خصوصاً جب پارٹی ہریانہ اور مہاراشٹرا میں حالیہ شکستوں کا سامنا کر رہی ہے۔