تلنگانہ حکومت کی کارکردگی کی ستائش
حیدرآباد۔/25ستمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے اے آئی سی سی قائدین کے ہمراہ وزیر عمارات و شوارع کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی سے ان کی قیامگاہ پر ملاقات کی۔ مہیش کمار گوڑ کے ہمراہ اتر پردیش میں سہارنپور کے رکن پارلیمنٹ انور مسعود، اترپردیش کے رکن قانون ساز کونسل شاہنواز خان، تانڈور کے رکن اسمبلی منوہر ریڈی اور رکن کونسل این ملیشم موجود تھے۔ وزیر عمارات و شوارع نے اے آئی سی سی قائدین کو تہنیت پیش کی اور تلنگانہ آمد پر استقبال کیا۔ واضح رہے کہ رکن پارلیمنٹ انور مسعود اور رکن قانون ساز کونسل شاہنواز خان مرکزی حکومت کے مجوزہ وقف ترمیمی قانون 2024 کے خلاف منعقدہ احتجاجی جلسہ عام میں شرکت کیلئے حیدرآباد پہنچے تھے۔ دونوں قائدین نے تلنگانہ حکومت کی جانب سے انتخابی وعدوں پر عمل آوری کی ستائش کی۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ کانگریس حکومت نے اقتدار کے 9 ماہ میں 6 ضمانتوں پر عمل آوری کا ریکارڈ قائم کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ ملک کی واحد ریاست ہے جس نے 25 دن میں کسانوں کے قرضہ جات کی معافی کے تحت 18 ہزار کروڑ بینک اکاؤنٹس میں جمع کرائے ہیں۔ اتر پردیش کے کانگریس قائدین نے کہا کہ کانگریس پارٹی پارلیمنٹ میں وقف ترمیمی قانون کی مخالفت کرے گی۔1