مقدمہ درج‘ استعمال کے چارجز ادا کئے گئے:برق کے وکیل
لکھنؤ :سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے رکن پارلیمنٹ ضیاء الرحمٰن برق کے خلاف بجلی چوری کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ یہ کارروائی اس وقت کی گئی جب بجلی محکمہ نے ان کے گھر پر چیکنگ کے دوران میٹر میں چھیڑ چھاڑ کے ثبوت ملنے کا دعویٰ کیا۔ دراصل بجلی محکمہ کی ٹیم نے پولیس فورس کے ساتھ برق کے گھر پر چھاپہ مارا تھا۔ عہدیداروں کا دعویٰ ہے کہ گھر میں نصب میٹر کی ریڈنگ میں بے ضابطگیاں تھیں اور یہ ریڈنگ اس کے مطابق نہیں تھی جتنا بجلی کا استعمال ہو رہا تھا۔محکمہ بجلی کے حکام کے مطابق برق کے گھر میں سسٹم کے مطابق اتنے بجلی کے آلات موجود ہونے کے باوجود میٹر کی ریڈنگ کم آ رہی تھی۔ ان کے گھر میں دو دن پہلے نیا ڈیجیٹل میٹر نصب کیا گیا تھا لیکن اس میں بھی گڑبڑ پائی گئی۔ اس کے علاوہ گھر میں سولر پینل اور ساؤنڈ پروف جنریٹر سمیت 12 بیٹریوں والا سسٹم بھی موجود تھا۔ایس پی کے رکن پارلیمنٹ کے وکیل ایڈوکیٹ قاسم جمال نے اس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ برق کے گھر میں سولر پینل نصب ہے اور ان کے گھر میں ضروری بجلی کے آلات جیسے اے سی، پنکھے اور فریج موجود ہیں جن کے لئے وہ محکمے کو کم از کم چارجز اور بل ادا کر رہے ہیں۔ وکیل نے مزید کہا کہ بجلی کے محکمے کی طرف سے آنے والی کم ریڈنگ کی وجہ یہ ہے کہ اس کے استعمال میں صرف 4 افراد شامل ہیں اور دیگر تمام رشتہ دار ان کے گھر پر نہیں رہتے۔