آسام سے تعلق رکھنے والے ملک کے مشہور مسلم رہنما اور آل انڈیا یونائٹڈ ڈیموکریٹک فرنٹ کے سربراہ بدرالدین اجمل نے لوک سبھا میں نریندر مودی کی قیادت میں این ڈی اے حکومت کے خلاف لائی گئی تحریک عدم اعتماد پر بولتے ہوئے خبردار کیا کہ ملک کو مذہب کے نام پر نفرت پھیلانے سے کمزور کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیاست کرنے کا حق سبھی کو ہے لیکن مذہب کے نام پر سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہئے۔بدرالدین اجمل نے کہا کہ منی پور میں جو واقعات سامنے آئے وہ انسانیت کو شرمسار کر رہے ہیں اور ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہئے کہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوں۔ انہون نے کہا کہ پوری دنیا کی نظریں بھارت پر لگی ہوئی ہیں لیکن منی پور جیسے حالات ملک کی شبیہہ کو متاثر کرتے ہیں۔
