نئی دہلی طلب کیا گیا ، ہائی کمان کی مخالفت کرنے والوں پر کارروائی کا اشارہ
حیدرآباد: کانگریس ہائی کمان نے بھونگیر کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کے مخالف کانگریس بیانات پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق ہائی کمان نے وینکٹ ریڈی کو نئی دہلی طلب کیا ہے تاکہ ان سے وضاحت طلب کی جائے ۔ پردیش کانگریس کی صدارت پر کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے سخت ریمارکس کئے تھے ۔ وینکٹ ریڈی جو صدارت کے اہم دعویدار تھے، انہوں نے ریونت ریڈی کو صدر بنائے جانے کے لئے انچارج جنرل سکریٹری مانکیم ٹیگور کو تنقید کانشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ کی طرح نوٹ برائے پردیش کانگریس ہوچکی ہے۔ انہوں نے پردیش کانگریس کو تلگو دیشم کانگریس میں تبدیل کرنے کا الزام عائد کیا ۔ ہائی کمان نے وینکٹ ریڈی کے ریمارکس کا سختی سے نوٹ لیا ہے۔ مانکیم ٹیگور نے کئی سینئر قائدین سے فون پر بات کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی کے ریما رکس کی وضاحت کی۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ ڈسپلن کی برقراری کو ترجیح دیں۔ اے آئی سی سی سکریٹری بوس راجو نے نائب صدر ملو روی اور دیگر قائدین سے ربط قائم کیا ۔ مانکیم ٹیگورنے کہا کہ ہائی کمان کے فیصلہ کی مخالفت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ کئی قائدین نے وینکٹ ریڈی کے خلاف ہائی کمان سے شکایت کی ہے ۔ ہائی کمان کو وینکٹ ریڈی کے بیان کا انگلش ترجمہ روانہ کیا گیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ وینکٹ ریڈی جس ضلع سے تعلق رکھتے ہیں ، اس ضلع کے صدر ضلع کانگریس اور دیگر قائدین نے کھل کر ریونت ریڈی کی تائید کی ہے۔