حیدرآباد۔/25 اپریل، ( سیاست نیوز) سابق وزیر وائی ایس ویویکا نند ریڈی قتل معاملہ میں الزامات کا سامنا کرنے والے کڑپہ کے رکن پارلیمنٹ وائی ایس اویناش ریڈی کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست ہائی کورٹ میں ملتوی ہوگئی۔ ضمانت کی درخواست پر 26 اپریل کو دوبارہ سماعت ہوگی۔ ویویکا نند ریڈی قتل معاملہ میں رکن پارلیمنٹ کو 25 اپریل تک گرفتار نہ کرنے کی ہائی کورٹ نے سی بی آئی کو ہدایت دی تھی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندر چوڑ اور جسٹس پی ایس نرسمہا پر مشتمل بنچ نے 18 اپریل کو تلنگانہ ہائی کورٹ کی جانب سے جاری کردہ ضمانت کو منسوخ کردیا تھا۔ اویناش ریڈی کے وکیل نے آج ہائی کورٹ سے رجوع ہوتے ہوئے عاجلانہ سماعت کی درخواست کی۔ عدالت کو بتایا گیا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے ضمانت کی منسوخی کے بعد گرفتاری کے امکانات بڑھ چکے ہیں۔ ہائی کورٹ نے کہا کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے گئے احکامات ابھی وصول نہیں ہوئے لہذا اس معاملہ کی دوبارہ سماعت کل 26 اپریل کو ہوگی۔ر