رکیم کارنوال انگلینڈ میں بہتر مظاہرے کیلئے بے تاب

   

لندن ۔ویسٹ انڈیز کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر رکیم کارنوال بھی اس14 رکنی ٹیم کے ہمراہ انگلینڈ میں موجود ہیں جو میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹسٹ میچزکی سیریزکھیلے گی۔ رکیم کارنوال ویسٹ انڈیز ٹیم میں شامل کیے جانے اور انگلینڈ کے خلاف سیریز کھیلے جانے پر بے حد خوش ہیں۔ اس سیریز کا پہلا ٹسٹ 8 تا 12 جولائی ہیمپ شائر کے روز باؤل اسٹیڈیم میں تماشائیوں کے بغیرکھیلا جائے گا۔ دنیا کے سب سے بھاری بھرکم کرکٹر رکیم کارنوال نے اسپورٹس چینل ای ایس پی این کے ساتھ ایک انٹرویو میں خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مرتبہ پھرکرکٹ کھیلنے پر انتہائی پرجوش ہیں اورویسٹ انڈیزکی ٹیم کا حصہ ہونا ان کے لیے باعث فخر ہے۔ رکیم نے کہا کہ یقیناً برطانوی کرکٹ گراؤنڈز پرکھیلنا کسی چیلنج سے کم نہیں ہوگا اور وہ اس سے قبل 2018 میں انگلینڈ میں ویسٹ انڈیز کی ٹیم کے لیے کھیل چکے ہیں۔ رکیم نے گزشتہ سال جمیکا ٹسٹ میں ہندوستان کے خلاف ٹسٹ کرئر کا آغازکیا تھا اور لکھنؤ ٹسٹ میں افغانستان کے خلاف 10 وکٹیں حاصل کر کے بہترین بولرکا ریکارڈ قائم کیا تھا۔ آل راؤنڈرکارنوال ٹسٹ کرکٹ کھیلنے والے دنیا کے بھاری بھرکم کھلاڑی ہیں جو آف اسپنر ہونے کے ساتھ ساتھ لوئر آرڈر بیٹسمین بھی ہیں۔انہوں نے گزشتہ برس ہندوستانی ٹیم کے خلاف پریکٹس میچ میں پانچ وکٹیں لے کر پجارا، ویراٹ کوہلی اور اجنکیا ریحانے جیسے کھلاڑیوں کوکافی مشکل میں ڈال دیا تھا۔رکیم نے انٹرویو میں کہا کہ ان کے لیے کافی خوشی کا مقام تھا جب وراٹ کوہلی نے انہیں پریکٹس کی غرض سے بولنگ کروانے کا کہا۔ کارنوال نے کہا کہ ایسے منجھے ہوئے بیٹسمین کو بولنگ کرنے سے انہیں بہت کچھ سیکھنے کو ملتا ہے، بالخصوص صبر اور تحمل سے کھیلنا۔انہوں نے کہا کہ بطور اسپنر ان کا اونچا قدکافی فائدہ مند ثابت ہوتا ہے۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسپن بولنگ کوچ مشتاق احمد سے انہوں نے اسپن بولنگ کے مختلف انداز سیکھے۔ رکیم کے بقول انگلینڈ کے کرکٹ گراؤند اسپن بولنگ کے لیے زیادہ مؤثر نہیں ہیں، تاہم موسم خشک ہونے کی صورت میں اچھی اسپن بولنگ ہو سکتی ہے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ اچھا کھلاڑی ہونے کے لیے صبر اور مسقل مزاجی ہی راز ہے۔ انگلینڈ میں ہونے والی ٹسٹ سیریزکا پہلا ٹسٹ8 سے 12 جولائی جبکہ دوسرا ٹسٹ 16 سے 20 اور آخری ٹسٹ میچ 24 سے 28 جولائی تک اولڈ ٹریفورڈ میںکھیلا جائے گا۔