رہائشی علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں کو روکنے پولیس کی سخت چوکسی

   

کرائے داروں پر نظر رکھنے مالکین کو ہدایت، فحاشی، گیملنگ اور دیگر سرگرمیوں سے عوام کو مشکلات
حیدرآباد۔ 22 جون (سیاست نیوز) حیدرآباد کے رہائشی علاقوں میں غیر قانونی سرگرمیوں پر قابو پانے کے لئے پولیس نے سخت اقدامات کئے ہیں۔ پولیس نے غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث مقامات اور جائیدادوں کو مہربند کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ مستقبل میں اس طرح کے واقعات کا تدارک ہو۔ حیدرآباد پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں نے ماتحت عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ وہ غیر قانونی اور غیر سماجی سرگرمیوں سے سختی سے نمٹیں اور خاص طور پر رہائشی علاقوں میں فحاشی، گیملنگ اور دیگر جرائم کے خلاف متحرک ہو جائیں۔ غیر سماجی سرگرمیوں کے نتیجہ میں عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ لہذا پولیس عہدیداروں نے رہائشی علاقوں پر توجہ مرکوز کی ہے۔ ٹاسک فورس ٹیم نے گزشتہ دنوں سنتوش نگر کے مصروف علاقہ میں ایک رہائشی عمارت پر دھاوا کرتے ہوئے فحاشی کے ریاکٹ کو بے نقاب کیا تھا۔ فلیٹ کرائے پر حاصل کرتے ہوئے یہ سرگرمیاں جاری تھیں۔ پولیس نے تین خواتین اور ایک گاہک کو گرفتار کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا۔ پولیس عہدیداروں نے عمارت کو مہربند کرنے کے لئے مقامی تحصیلدار کو مکتوب روانہ کیا ہے کیونکہ تحصیلدار کو ایگزیکٹیو مجسٹریٹ کے اختیارات حاصل ہیں اور عمارت کو مہربند کرنے سے غیر سماجی سرگرمیوں میں ملوث افراد میں خوف کا ماحول پیدا ہوگا۔ پولیس ذرائع کے مطابق غیر سماجی سرگرمی کی صورت میں کم از کم ایک سال تک عمارت کو مہربند کیا جائے گا۔ پولیس نے عمارتوں بالخصوص اپارٹمنٹس کے مالکین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ کرائے پر دینے سے قبل معلومات حاصل کریں تاکہ غیر قانونی سرگرمیوں کو روکا جاسکے۔ عام طور پر بروکرس اور درمیانی افراد کرائے داروں کے اچھے کردار کو پیش کرتے ہوئے جائیدادوں کو کرائے پر دلارہے ہیں۔ مالکین دوسرے علاقوں میں مقیم رہتے ہیں اور وہ غیر سماجی سرگرمیوں سے واقف نہیں۔ پولیس نے پراپرٹی مالکین سے کہا ہے کہ وہ عمارت کے باہر اور راہداریوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کریں تاکہ ہر کسی پر نظر رکھی جاسکے۔ باوثوق ذرائع کے مطابق دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والی فحاشی ریاکٹ کے آرگنائزرس عمارت کی پہلی منزل کرائے پر حاصل کرتے ہوئے واچ میان اور سیکوریٹی گارڈ کی مدد سے غیر قانونی سرگرمیاں چلا رہے ہیں۔ شیخ پیٹ، عطار پور، نانال نگر، راجیندر نگر، بنڈلہ گوڑہ، سنتوش نگر، چندرائن گٹہ اور چمپاپیٹ میں مین روڈ پر واقع عمارتوں اور اپارٹمنٹس کو کرائے پر حاصل کرنے کی شکایات عام ہیں۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کی صورت میں متعلقہ اسٹیشن ہاوز آفیسر یا اسسٹنٹ کمشنر پولیس کو فون پر اطلاع دیں۔ عوام مقامی ڈپٹی کمشنر پولیس سے بھی فون پر ربط قائم کرسکتے ہیں۔ 1