خاتون آرگنائزرس گرفتار، جسم فروش اور گراہک بھی پولیس حراست میں
حیدرآباد۔یکم؍ مئی، ( سیاست نیوز) رہائشی علاقہ میں چلائے جارہے جسم فروشی کے ریاکٹ کو پولیس نے بے نقاب کردیا اور دو خاتون آرگنائزرس کو گرفتار کرلیا۔ دھاوے کے دوران پولیس نے ایک جسم فروش خاتون اور گراہک کو بھی حراست میں لے لیا اورخاتون کو قحبہ گری کے چنگل سے آزاد کرواتے ہوئے ریسکیو ہوم منتقل کردیا۔ پولیس نے بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع پر گاجولہ رامارم علاقہ میں دھاوا کیا گیا جہاں ایک رہائشی علاقہ میں جسم فروشی کا کاروبار کیا جارہا تھا۔ پولیس نے اس کارروائی میں 35 سالہ خاتون لتا اور 42 سالہ خاتون شوبھا کے علاوہ 27 سالہ سندیپ کمار جو گراہک بتایا گیا ہے گرفتار کرلیا اور جسم فروشی میں ملوث 27 سالہ خاتون کو قحبہ گیری کے چنگل سے آزاد کرایا۔ پولیس نے شوبھا اور لتا سے پوچھ تاچھ کا آغاز کردیا ہے۔ رہائشی علاقہ میں واقع ایک مکان میں باضابطہ طور پر جسم فروشی جاری تھی ۔ پولیس کو شبہ ہے کہ شوبھا اور لتا کے پاس مزید لڑکیاں ہوسکتی ہیں۔ پولیس ان کے نیٹ ورک کا پتہ چلانے میں مصروف ہے۔ شوبھا اور لتا کے بیرون ریاستوں سے تعلقات اور لڑکیوں کو منتقل کرنے کے نیٹ ورک کا بھی پتہ لگایا جارہا ہے۔ع