ریاست اور ملک کی ترقی میں کسانوں کا نمایاں رول

   

ملک پیٹ اگریکلچرل مارکٹ میں ’یوم کسان‘ تقریب، وزیر داخلہ محمد محمود علی کا خطاب
حیدرآباد۔/3 جون، ( سیاست نیوز) وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ ملک اور ریاست کی ترقی میں کسانوں کا اہم رول ہے۔ یہی وجہ ہے کہ حکومت کسانوں کی بھلائی کیلئے کئی اسکیمات پر عمل کررہی ہے۔ وزیر داخلہ نے آج اگریکلچرل مارکٹ ملک پیٹ میں تلنگانہ یوم تاسیس کے 10 سالہ جشن کے موقع پر ’ یوم کسان‘ تقریب سے خطاب کیا۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے کسانوں کو معاشی طور پر مستحکم بنانے کے اقدامات کئے ہیں۔ ملک بھر میں پہلی مرتبہ رعیتو بندھو اور رعیتو بیمہ جیسی اسکیمات کا آغاز کیا گیا۔ زرعی شعبہ کو مفت برقی اور پانی کی سربراہی کے ذریعہ شعبہ کے نقصانات کو کم کیا گیا ہے۔ تلنگانہ کے کسان کے سی آر حکومت سے کافی خوش ہیں۔ تشکیل تلنگانہ سے قبل حکومتوں نے زرعی شعبہ کو نظر انداز کردیا تھا جس کے نتیجہ میں کسان خودکشی پر مجبور تھے۔ کے سی آر نے اپنے وعدہ کے مطابق تلنگانہ کی تشکیل کے بعد نئی اسکیمات کے ذریعہ کسانوں کے چہرے پر خوشی بکھیر دی ہے۔ فصلوں کو اُگانے سے لیکر ان کی فروخت تک کی نگرانی حکومت کررہی ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر ملک بھر میں کسانوں کی حالت بہتر بنانے کیلئے بی آر ایس کے بیانر تلے مختلف ریاستوں کا دورہ کررہے ہیں اور انہیں کسان تنظیموں کی تائید حاصل ہوئی ہے۔ محمود علی نے کہا کہ تلنگانہ کی طرح ترقی اور فلاحی اسکیمات پر ملک بھر میں عمل آوری کیلئے عوام کے سی آر کو وزیر اعظم کے طور پر دیکھنا چاہتے ہیں۔ تقریب میں رکن اسمبلی ملک پیٹ احمد بلعلہ، صدرنشین مارکٹ کمیٹی انیتا نائیک، نائب صدرنشین بھونیشور، اراکین مارکٹ کمیٹی اور دوسروں نے شرکت کی۔ قبل ازیں پہاڑی شریف، ایل بی نگر اور ونستھلی پورم سے تعلق رکھنے والے کانگریس قائدین اور سماجی جہد کاروں نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔ر