210 اسکولس میں پری پرائمری کلاسیس شروع ، 5,651 اسکولس میں کمپیوٹر لیابس کا قیام
حیدرآباد۔ 12جون (سیاست نیوز) ریاست میں آج سے اسکولوں کی کشادگی عمل میں آئی۔ تقریباً 50 دن تک طلباء و طالبات کو تعطیلات دی گئی تھیں۔ حکومت نے نئے تعلیمی سال کے آغاز سے نئے پروگراموں کا آغاز کیا ہے۔ پہلے دن ٹیچرس کی جانب سے اسکول پہنچنے والے طلبہ کو مختلف مقامات پر پھول دے کر ان کا استقبال کیا گیا۔ پہلے دن ہی سرکاری اسکولس میں طلبہ میں یونیفارم اور درسی کتابیں تقسیم کی گئیں۔ اسکولوں کے کشادگی پر تہوار جیسا ماحول دیکھنے میں آیا۔ پہلے دن پیرنٹس ۔ ٹیچرس میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔ کئی مقامات پر اسکولس میں بنیادی سہولتیں دیکھنے کو نہ ملنے کی شکایتیں بھی کی گئیں۔ حکومت نے سرکاری اسکولس میں طلبہ کی تعداد کو بڑھانے کیلئے پری پرائمری اسکولس شروع کرنے کے علاوہ مصنوعی ذہانت (AI) کی کلاسیس کا بھی آغاز کیا ۔ ریاست کے 12 اضلاع میں 210 پرائمری اسکولس میں ایل کے جی اور یو کے جی کلاسیس شروع کرنے کے احکامات جاری کئے گئے۔ ان طلبہ میں بھی حکومت کی جانب سے مفت یونیفارم اور کتابیں تقسیم کی گئیں اور ساتھ ہی انہیں مڈ ڈے میلس بھی فراہم کیا جارہا ہے۔ گزشتہ تعلیمی سال کے اواخر میں 513 پرائمری اسکولس میں بنگلورو کو ہیڈکوارٹرس بناتے ہوئے کام کرتے ہوئے ایک اسٹیپ فاؤنڈیشن کے تعاون و اشتراک سے مصنوعی ذہانت کی تیکنیکی تعلیم طلبہ کو سکھانے کیلئے کمپیوٹر لیابس کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔ اس مرتبہ 5,651 پرائمری اسکولس میں کمپیوٹر لیابس دستیاب کرانے کا فیصلہ کیا گیا۔ ایک اسکول میں پانچ کمپیوٹر پر مشتمل لیاب تیار کیا جارہا ہے۔ مختلف اُمور پر 1.12 لاکھ ٹیچرس کو تربیت دی گئی۔ 283 KGBVsمیں انٹر تک تعلیم دی جارہی ہے۔ اس مرتبہ مزید 120 KGBVs میں انٹرکی تعلیم دی جارہی ہے جس کے سبب انٹر میں 7,680 نشستوں کا اضافہ ہوگا۔ تمام ہائی اسکول طلبہ کو سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ، میتھامیٹکس (اسٹیم) کی تعلیم دینے کیلئے ٹی۔ اسٹیم لیابس قائم کئے جارہے ہیں۔ چھٹویں تا دسویں جماعت کے طلبہ کو آن لائن تعلیم فراہم کی جائیگی۔ 2