ریاست بھر میں ٹی آر ایس کا جھنڈا فیسٹول اور پرچم کشائی

   

تلنگانہ بھون میں تقریب، کرشنا مورتی اور محمد سلیم کی شرکت
حیدرآباد۔2 ۔ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے زیر اہتمام آج ریاست بھر میں جھنڈا فیسٹول منایا گیا اور ہر ضلع میں اسمبلی حلقہ جات اور منڈلوں کے تحت پارٹی پرچم لہرائے گئے ۔ پارٹی ہیڈکوارٹر تلنگانہ بھون میں سینئر لیڈر پی کرشنا مورتی نے پارٹی پرچم لہرایا۔ اس موقع پر صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم ، ٹی آر ایس قائدین ٹی رامانجم ، مدن گوڑ اور دوسرے موجود تھے ۔ اس موقع پر پارٹی کارکنوں نے کے سی آر کے حق میں نعرے لگائے اور نئی دہلی میں پارٹی دفتر کے قیام پر مبارکباد پیش کی ۔ اس موقع پر کرشنا مورتی نے کہا کہ تلنگانہ حکومت فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں ملک میں سرفہرست ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر کی قیادت میں تمام طبقات کی بھلائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے کہا کہ 14 برسوں کی مسلسل جدوجہد اور قربانیوں کے بعد علحدہ ریاست حاصل ہوئی ہے جس کا سہرا کے سی آر کے سر جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ہر ریاست میں ٹی آر ایس پارٹی قائم ہوگی اور کے سی آر ملک کے وزیراعظم ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں تمام مذاہب حکومت کے اقدامات کے مطمئن ہے۔ ملک بھر میں تلنگانہ حکومت کی اسکیمات نے مقبولیت حاصل کرلی ہے اور کئی ریاستوں میں تلنگانہ کی اسکیمات کو اختیار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ برقی اور پانی کی سربراہی کے علاوہ ریاست بھر میں امن و امان کے سبب عوام خوشحال زندگی بسر کر رہے ہیں۔ انہوں نے دہلی میں نئی آفس کے آغاز پر کے سی آر اور کے ٹی آر کو مبارکباد پیش کی۔ محمد سلیم نے چیف منسٹر کی صحت اور درازی عمر کی دعا کی ۔ تلنگانہ بھون کے علاوہ شہر کے تمام اسمبلی حلقہ جات میں ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین نے پرچم کشائی تقریب میں حصہ لیا۔ دہلی میں ٹی آر ایس آفس کے سنگ بنیاد کے پس منظر میں ریاست بھر میں جھنڈا فیسٹول منایا گیا ۔ R