ریاست میں 24 گھنٹے بلا وقفہ معیاری برقی سربراہ کی جائے، چیف منسٹر کا حکم

   

تلنگانہ بزنس سنٹر میں تبدیل ہوگا، خالی اراضیات پر سولار پلانٹس لگائے جائیں، برقی پر جائزہ اجلاس
حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے محکمہ برقی کے عہدیداروں کو اس بات کو یقینی بنانے پر زور دیا کہ ریاست میں ایک منٹ کیلئے بھی برقی کٹوتی نہ ہو، بلا وقفہ برقی سربراہی کی جانی چاہیئے۔ تلنگانہ بزنس سنٹر میں تبدیل ہوچکا ہے، مستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہمیشہ برقی کی دستیابی کیلئے آئی ٹی اور مختلف محکمہ جات سے تال میل کرتے ہوئے خصوصی حکمت عملی تیار کرنے پر زور دیا۔ چیف منسٹر نے اپنی قیامگاہ پر محکمہ برقی کا جائزہ اجلاس طلب کیا۔ اس جائزہ اجلاس میں ڈپٹی چیف مسٹر ملو بھٹی وکرامارک، سکریٹری محکمہ برقی رونالڈ روس، ڈسکامس سی ایم ڈی مشرف علی فاروقی، سنگارینی کے ایم ڈی کے ورون ریڈی کے علاوہ دوسرے عہدیدار موجود تھے۔ چیف منسٹر نے ریاست میں سولار برقی کو فروغ دینے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی عہدیداروں کو ہدایت دی۔ ڈیمانڈ کے مطابق برقی پیداوار کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ مختلف محکمہ جات کے حدود میں موجود غیر استعمال اراضی میں سولار پلانٹس قائم کرنے ضرورت پڑنے پر جنگلات کی اراضی میں بھی سولار پلانٹس لگانے کا مشورہ دیا۔ سولار برقی کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے کسانوں کو سولار پمپ سیٹس مفت تقسیم کرنے کے اقدامات کرنے پر بھی زور دیا۔ ضلع ناگرکرنول کے ونگور منڈل کے کونڈا ریڈی پلے کو پائیلٹ پراجکٹ کے طور پر منتخب کرتے ہوئے اس اسکیم پر عمل کرنے کی ہدایت دی۔ مفت پمپ سیٹس پروگرام کی عمل آوری کیلئے ’’پی ایم کسم ‘‘ اسکیم سے استفادہ کرنے پر زور دیا ۔ کسانوں کو بھی اپنی اراضیات میں سولار پلانٹس لگانے کی حوصلہ افزائی کرنے کے اقدامات پر زور دیا۔ وہاں پر پیدا ہونے والی برقی کو پمپ سیٹس کیلئے استعمال کرنے کے بعد مابقی برقی ڈسکامس خریدتے ہوئے کسانوں کو اضافی آمدنی حاصل کرنے کی حکمت عملی تیار کریں۔ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ریاست میں برقی کی صلاحیت کو 40ہزار میگا واٹ تک بڑھانے کیلئے اقدامات کرنے کا حکم دیا۔ سب اسٹیشنس، ٹرانسفارمرس پر ضرورت سے زیادہ بوجھ کو کم کرنے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیا۔ عوام کو 24 گھنٹے معیاری برقی کی سربراہی کے اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔2