پرانا شہر اب بھی نظر انداز ۔ کئی برسوں سے مسائل برقرار
حیدرآباد۔22فروری(سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن کے منیجنگ ڈائرکٹر عہدہ پر وی سی سجنار کے تقرر کے بعد ریاست بھر میں ٹی ایس آر ٹی سی کی حالت کو بہتر بنانے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور دونوں شہروں میں بھی آرٹی سی خدمات کو بہتر بنانے کے علاوہ مسافرین کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کے سلسلہ میں اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن مسٹر وی سی سجنار کی توجہ اب تک شہر کے مصروف ترین اور گنجان آبادی والے پرانے شہر کی جانب سے نہیں ہوپائی ہے جبکہ آر ٹی سی بسوں کا استعمال کرنے والوں کی بڑی تعداد کا تعلق پرانے شہر سے بھی ہے لیکن پرانے شہر میں بس اسٹاپ کی سہولتوں کی بھی عدم موجودگی کے سبب مسافرین کو برسوں سے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور متعدد نمائندگیوں کے باوجود بھی پرانے شہر کے بس مسافرین کے مسائل کو دور کرنے کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے اور نہ ہی پرانے شہر کی آبادیوں کو بس خدمات سے جوڑنے کے سلسلہ میں کوئی اقدامات کئے جا رہے ہیں ۔پرانے شہر کے جن علاقو ںمیں سابق میں بس خدمات ہوا کرتی تھیں ان کی بحالی کے سلسلہ میں بھی متعدد نمائندگیوں کے باوجود اب تک اس سلسلہ میں کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا اور نہ ہی منی بسوں کو چلانے کے سلسلہ میں کی جانے والی نمائندگیوں پر اعلیٰ حکام کی جانب سے کوئی ردعمل ظاہر کیا جا رہاہے ۔ اب جبکہ اسکول اور کالجس باقاعدہ کھولے جا چکے ہیں تو بس سہولت سے استفادہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے لیکن بس اسٹاپ کی سہولت فراہم کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز نہیں ہوپایا ہے۔م