ریاست میں بارش سے بحیثیت مجموعی صورتحال میں بہتری

,

   

Ferty9 Clinic

گذشتہ دو ماہ میں معمول سے کم بارش کی کچھ حد تک پابجائی ۔ اگسٹ میں بھی بہتر بارش کا امکان
حیدرآباد 30 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) سارے تلنگانہ میں مانسون سرگرم ہے اور آئندہ دو دن کے دوران ریاست میں اچھی بارش ہوسکتی ہے ۔ حالیہ دنوں میں بھی اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں ایک تو خشک موسم کا خاتمہ ہوا ہے اور دوسرے اب تک بارش جو معمول سے کم ہوئی تھی اس فرق میں بھی کمی آئی ہے ۔ چند دن قبل تک ریاست میں35 فیصد معمول سے کم بارش ہوئی تھی تاہم حالیہ دنوں کی بارش کے بعد اب یہ خسارہ کم ہو کر 21 فیصد رہ گیا ہے ۔ گذشتہ تین دنوں کی بارش کے بعد یہ صورتحال سامنے آئی ہے ۔ شہری حدود میں کوکٹ پلی ‘ حیدر نگر ‘ گچی باولی ‘ نارائن گوڑۃ اور دوسرے علاقوں میں تین ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ محکمہ موسمیات نے بتایا کہ قطب اللہ پور میں سب سے زیادہ 11.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ آصف نگر میں یہ 2.5 ملی میٹر رہی ہے ۔ اضلاع میں کمارم بھیم ضلع میں دو مقامات پر 217.5 ملی میٹر اور 189.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ سرپور منڈل میں 108 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔ منچریال اور عادل آباد اضلاع میں کچھ منڈلوں میں بھی 62 ملی میٹر سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی ہے ۔ بارش کے نتیجہ میں اعظم ترین درجہ حرارت کئی اضلاع میں کم ہوگیا ہے ۔

درجہ حرارت میں سب سے زیادہ کمی بھدراچلم میں آئی ہے جہاں یہ 25.4 ڈگری سلسئیس تک گرگیا ہے جو معمول سے 6 ڈگری کم ہے ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد میں بھی اعظم ترین درجہ حرارت 26.4 ڈگری تک ہوگیا ہے جو معمول سے چار ڈگری کم ہے ۔ ریاست کے تقریبا سارے اضلاع میں بارش کی وجہ سے دریائے گوداوری میں پانی کا ذخیرہ تیزی سے ہونے لگا ہے جس کے نتیجہ میں تیلی پیرو میں 21 گیٹ کھول کر 84,000 کیوسکس پانی کا اخراج عمل میںلایا گیا ہے ۔ علاوہ ازیں محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ماہ اگسٹ میں بھی بارش اچھی ہونے کی امید ہے کیونکہ خلیج بنگال میں ہوا کے دباو میں کمی آئی ہے ۔ امید کی جا رہی ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی اچھی بارش کے نتیجہ میں اب تک بارش کا جو بحیثیت مجموعی خسارہ ہے اس میں کمی آئے گی ۔خانگی موسمی ادارہ اسکائی میٹ کے بموجب جو ہلکی پھوار اور معمولی بارش ہو رہی ہے اس کے نتیجہ میں زمین کی خشکی کم ہوکر تری میں اضافہ ہونے لگا ہے اور یہ صورتحال آئندہ دنوں میں فصلوں کیلے زیادہ موثر ثابت ہوسکتی ہے ۔