ریاست میں جمہوریت کا نظام ختم ، پولیس زیادتی جاری : ہریش راؤ

   

ریاستی وزیر جی ویویک پر دھاندلی کا الزام ، عادل آباد جیل میں بالکا سمن سے ملاقات ، انصاف دلانے کا تیقن
عادل آباد۔ 19 فروری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) بی آر ایس کے ریاستی قائد ٹی ہریش راؤ نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ انہوں نے جمہوری انداز میں منتخب ہونے والے بلدی ارکان کو ہراساں کرتے ہوئے مختلف مجالس بلدیہ پر کانگریس کا پرچم لہراچکے ہیں۔ متحدہ ضلع عادل آباد کے منچریال کے کیتن پلی مجلس بلدیہ جہاں 22 کے منجملہ 14 ارکان بی آر ایس اور کمیونسٹ پارٹی کے منتخب ہونے کے بعد بھی چیرمین بلدیہ اور نائب چیرمین انتخابات کے دوران ریاستی وزیر جی ویویک پر دھاندلیوں کا الزام عائد کیا۔ کانگریس اور بی آر ایس ارکان و قائدین کے درمیان اس موقع پر تصادم کی اصل وجہ جی ویویک کو قرار دیتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ اس تصادم میں زخمی پولیس اہلکار کی جانب سے شکایت پر بالکا سمن جو سابق میں رکن اسمبلی اور رکن لوک سبھا رہ چکے ہیں، کو پولیس حراست میں لیتے ہوئے منچریال عدالت میں پیش کیا گیا ۔ منچریال عدالت میں مسٹر بالکا سمن اور اُن کے دیگر ساتھیوں کو14 روزہ ریمانڈ میں رکھنے کا حکم صادر کرنے پر انہیں عادل آباد جیل منتقل کیا گیا۔ مسٹر بالکا سمن اور ان کے ساتھیوں سے ملاقات کی غرض سے سابق ریاستی وزیر ہریش راؤ مستقر عادل آباد پہنچے اور عادل آباد جیل میں مسٹر بالکا سمن اور دیگر افراد سے ملاقات کی۔ بعد میں میڈیا سے مخاطب ہوکر ہریش راؤ نے چیف منسٹر ریونت ریڈی پر الزام عائد کیا کہ ریاست میں جمہوریت کا نظام ختم ہوچکا ہے اور صرف پولیس زیادتی کا سلسلہ جاری ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ بی آر ایس قائدین بالکا سمن کو رہا کرانے اور انصاف دلانے کی خاطر منصف کورٹ، ضلع کورٹ، ہائی کورٹ تک بھی جانے فیصلہ کیا ہے۔ عادل آباد جیل میں بالکا سمن سے ملاقات کرنے کیلئے صرف 12 افراد کو ہی اجازت دی گئی تھی جس میں قابل ذکر عادل آباد ضلع صدر جوگو رامنا، یوتھ رکن اسمبلی انیل جادھو، آر ایس پراوین کمار، شریمتی کوا لکشمی، جیون ریڈی، درگم چنیا کے علاوہ دیگر تھے۔ بالکا سمن کو جیل منتقل کرنے سے قبل عادل آباد کے رمس دواخانہ میں طبی معائنہ کیا گیا۔ بعد میں انہیں جیل منتقل کیا گیا۔ جیل میں مسٹر بالکا سمن اور اُن کے دیگر چار ساتھیوں کو کھانا اور پینے کا پانی بھی فراہم نہ کرنے کا بی آر ایس لیڈر ہریش راؤ نے جیل حکام پر الزام عائد کیا۔