ریاست میں دوسرے مرحلہ کی کورونا ٹیکہ اندازی

   

ڈائرکٹر طبی تعلیم نے دوسری ڈوز لی ۔ پہلا مرحلہ ترک کرنے والوں کو 25 فبروری تک موقع
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا ٹیکہ اندازی کے دوسرے مرحلہ کا آج آغاز ہوا اور گاندھی ہاسپٹل میں ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمیش ریڈی نے دوسرے مرحلہ میں اپنا دوسرا ٹیکہ لیا ۔ انہوں نے پہلے مرحلہ میں بھی ٹیکہ لیا تھا ۔ ٹمس کی ڈائرکٹر وملا تھامس نے بھی ٹیکہ کا دوسرا ڈوز آج لیا ۔ حکومت کی جانب سے دوسرے مرحلہ کی ٹیکہ اندازی کے آغاز کے پیش نظر ریاست بھر میں جملہ 140 مراکز کو ٹیکہ فراہم کرنے کا عمل بھی شروع کردیا ہے ۔ ٹیکہ اندازی کا پہلا مرحلہ ریاست میں 16 جنوری کو شروع ہوا تھا اور اس دوران جن تمام ہیلت ورکرس نے پہلے مرحلے میں ٹیکہ لیا تھا اب انہیں دوسرے مرحلے میں بھی ٹیکہ دیا جائیگا ۔ اس سلسلہ میں تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ حکومت نے یہ بھی واضح کردیا ہے کہ ہیلت ورکرس کو پہلے مرحلہ میں جو ٹیکہ دیا گیا تھا دوسرے مرحلہ میں بھی وہی ٹیکہ دیا جائیگا ۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ جن ہیلت ورکرس نے پہلے مرحلہ میں ٹیکہ نہیں لیا تھا وہ 25 فبروری تک یہ ٹیکہ حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اس تاریخ کے بعد ہیلت ورکرس کو پہلے مرحہلہ کا کورونا ٹیکہ نہیں دیا جائیگا انہیں بہرصورت 25 فبروری تک یہ ٹیکہ حاصل کرلینا چاہئے ۔ واضح رہے کہ بعض مقامات پر ہیلت ورکرس میں کورونا ٹیکہ لینے کے تعلق سے اندیشے پیدا ہوگئے تھے اور انہوں نے ٹیکہ لینے سے گریز کیا تھا ۔ ابتداء میں جوش و خروش کے بعد جب بعض ٹیکہ لینے والوں میں معمولی ری ایکشن کی اطلاعات ملیں تو دوسرے ہیلت ورکرس نے ٹیکہ لینے سے گریز کیا تھا ۔ بعض مواقع پر تو ٹیکہ کیلئے رجسٹریشن کروانے کے باوجود انہوں نے ٹیکہ حاصل کرنے سے گریز کیا ہوا تھا ۔ ایسے میں اب ایک بار پھر ان ہیلت ورکرس کو موقع دیا جا رہا ہے کہ وہ 25 فبروری تک یہ ٹیکہ حاصل کرلیں اس کے بعد انہیں پہلے مرحلہ کا ٹیکہ بالکل بھی نہیں دیا جائیگا ۔