ڈی کے ارونا کے دو روزہ ’ مہیلا سنکلپ دکشا ‘ پروگرام کا اعلان
حیدرآباد ۔ 5 ۔ دسمبر : ( این ایس ایس ) : سابق وزیر اور بی جے پی لیڈر ڈی کے ارونا نے آج اعلان کیا کہ وہ ریاست تلنگانہ میں شراب کی فروخت پر امتناع عائد کرنے کے لیے ریاستی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے دو روزہ ’ مہیلا سنکلپ دکشا ‘ منعقد کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاجی مظاہرہ 11 اور 12 دسمبر کو یہاں اندرا پارک پر کیا جائے گا ۔ انہوں نے سیاسی قائدین اور سیول سوسائٹی کے جہد کاروں پر زور دیا کہ وہ ان کے اس احتجاجی پروگرام کی تائید وحمایت کریں ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مسز ارونا نے کہا کہ شراب اور منشیات کی عادت خواتین پر بڑھتے جرائم کے لیے دو اصل وجوہات ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضہ ہے کہ اب ریاست میں شراب پر امتناع عائد کردیا جائے ۔