ریاست میں صدفیصد خواندگی کے لیے چیف منسٹر کی خصوصی مہم: ہریش رائو

   

میرٹ حاصل کرنے پر ایس ایس سی طلبہ کو انعام کا اعلان، اضافی کلاس رومس کی تعمیر کا سنگ بنیاد
حیدرآباد۔ 3 جنوری (سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش رائو نے سدی پیٹ کے منڈل میردوڑی میں دو کروڑ روپئے سے زائد کی لاگت سے تعمیر کردہ کستوربا گاندھی گرلز اسکول کی اضافی کلاس رومس کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا۔ ہریش رائو نے منڈل کے چھ گرام پنچایتوں میں استفادہ کنندگان میں ٹریکٹرس تقسیم کئے۔ انہوں نے پلے پراگتی پروگرام میں حصہ لیا اور عہدیداروں کو عوامی مسائل کی یکسوئی کے سلسلہ میں ضروری ہدایات جاری کیں۔ ہریش رائو کے ہمراہ رکن اسمبلی ایس رام لنگاریڈی، زیڈ پی ٹی سی چیرمین وی روجا رادھا کرشنا شرما، ڈی ای او روی کانت کے علاوہ مقامی ایم پی ٹی سی اور زیڈ پی ٹی سی ارکان موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ہریش رائو نے کہا کہ سماج میں ناخواندگی کے خاتمے کے لیے خواندگی پروگرام کو باقاعدہ تحریک کی شکل میں چلانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست بھر میں ضلع سدی پیٹ خواندگی میں صدفیصد نشانہ کی تکمیل کرنی چاہئے۔ انہوں نے طلبہ اور اساتذہ پر زور دیا کہ وہ ایس ایس سی اور انٹر کے صدفیصد نتائج کو یقینی بنائیں۔ انہوں نے دیہاتوں کو پاک و صاف رکھنے کی تلقین کی اور کہا کہ بیماریوں سے بچنے کے لیے صحت و صفائی کے انتظامات ضروری ہے۔ ہریش رائو نے کستوربا ماڈل اسکول کے طلبہ سے بات چیت کی اور پرنسپل سے گزشتہ سال ایس ایس سی نتائج کے بارے میں استفسار کیا۔ پرنسپل نے بتایا کہ گزشتہ سال ایس ایس سی کے نتائج صدفیصد رہے۔ وزیر فینانس نے پرنسپل اور اساتذہ کو مباکباد پیش کی۔ انہوں نے مختلف پنچایتوں میں ٹریکٹرس کی تقسیم عمل میں لائی۔ ہریش رائو نے کہا کہ جن طلبہ نے ایس ایس سی میں جی پی اے 10 حاصل کیا ہو انہیں مقامی رکن اسمبلی کی جانب سے 25 ہزار روپئے بطور انعام دیئے جائیں گے۔ انہوں نے طلبہ پر زور دیا کہ وہ آئندہ دو ماہ امتحانات کی تیاری پر خصوصی توجہ دیں۔ انہوں نے صحت کی برقراری کے لیے طلبہ کو یوگا کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے خواندگی کے لیے ہر شخص ایک طالب علم کو پڑھائے کے نعرے کے ساتھ مہم شروع کی ہے جس کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ عوام کو اس خواندگی مہم میں بھرپور حصہ لینا چاہئے۔ انہوں نے ایم ای اوس اور ڈی ای اوس کو ہدایت دی کہ اسکولوں کا باقاعدہ دورہ کرتے ہوئے تعلیم پر نظر رکھیں اور صدفیصد نتائج کو یقینی بنائیں۔ ہریش رائو نے تعلیمی نظام میں بہتری کے لیے سخت محنت کا مشورہ دیا۔ انہوں نے مشن بھگیرتا پروگرام کے تحت ہر گھر کو صاف پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے سے واقف کرایا۔ انہوں نے کہا کہ پلے پراگتی پروگرام کے تحت چیف منسٹر نے ہر گائوں کی پنچایت کے لیے ٹریکٹرس کی تقسیم کو منظوری دی ہے۔ سرپنچوں کو چیف منسٹر کے سوچھ تلنگانہ نشانے کی تکمیل کے لیے جدوجہد کرنی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی نمائندوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ شرح خواندگی میں اضافے کی مہم میں حصہ لیں۔ انہوں نے کالیشورم پراجیکٹ کی تکمیل کو چیف منسٹر کا کارنامہ قرار دیا اور کہا کہ بہت جلد گوداوری کا پانی حلقہ اسمبلی دوباک کو سربراہ کیا جائے گا جس کے بعد خشک سالی کا لفظ ڈکشنری میں باقی نہیں رہے گا۔