ریاست میں نئے راشن کارڈز کی اجرائی : آج چیف منسٹر آغاز کرینگے

   

جملہ 3.54 لاکھ نئے راشن کارڈس جاری کئے جائیں گے: پی سرینواس ریڈی
حیدرآباد۔ 13 جولائی (سیاست نیوز) وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے بی آر ایس حکومت فلاحی اسکیمات کو نظرانداز کرنے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ گزشتہ 10 برسوں میں ایک بھی راشن کارڈ جاری نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت برسر اقتدار آتے ہی دیڑھ سال میں 3.54 لاکھ نئے راشن کارڈس جاری کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ راشن کارڈس کی اجرائی ایک جاریہ عمل ہے اور مستحق خاندانوں کو کارڈس کی اجرائی جاری رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ تنگاترتی اسمبلی حلقہ میں 14 جولائی کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نئے راشن کارڈس کی اجرائی کا آعاز کریں گے۔ سرینواس ریڈی نے کہا کہ اندراماں ہاوزنگ اسکیم کے تحت ہر مستحق خاندان کو مکان کی تعمیر کیلئے 5 لاکھ روپے الاٹ کئے جا رہے ہیں۔ پہلے مرحلہ میں ہر اسمبلی حلقہ میں 3500 مکانات منظور کئے گئے۔ اندراماں ایپ سے 18.32 لاکھ استفادہ کنندگان کی نشاندہی کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ تعمیری کاموں کی پیشرفت کے مطابق امدادی رقم استفادہ کنندگان کو جاری کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ استفادہ کنندگان کا انتخاب شفاف ہے۔ انہوں نے دعوی کیا کہ انتخابی وعدوں کی تکمیل میں تلنگانہ حکومت ملک میں سرفہرست ہے اور آئندہ تین برسوں میں باقی وعدوں پر عمل کیا جائے گا۔ 1