کانگریس رکن اسمبلی جی ونود کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی
ضلع ملگ میں ہتھیاروں کا ذخیرہ ضبط
حیدرآباد ۔ 9 نومبر (سیاست نیوز) ریاست میں نکسلائیٹس کی نقل و حرکت کو پولیس نے محسوس کرتے ہوئے چوکسی اختیار کی ہے۔ دھمکی ملنے کے بعد کانگریس کے رکن اسمبلی سابق وزیر جی ونود کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ سنٹرل فورسیس کی جانب سے چھتیس گڑھ میں ’’آپریشن کا گر‘‘ نام سے تلاشی مہم کا آغاز کیا ہے، جس کے بعد نکسلائیٹس کے سرحد پار کرتے ہوئے تلنگانہ میں داخل ہونے کی اطلاعات موصول ہونے کے بعد انٹلیجنس نے چوکنا ہونے کا انتباہ جاری کیا ہے۔ تلنگانہ میں داخل ہونے والے نکسلائیٹس میں سنٹرل کمیٹی کے ارکان بھی شامل ہونے کا پتہ چلا ہے جس کے بعد سرحدی اضلاع کے ایس پیز کو چوکنا رہنے کے احکامات جاری کئے گئے ہیں۔ اضلاع ملگ، بھدرادری کتہ گوڑم، منچریال، پداپلی کے ایس پیز کی سرپرستی میں پولیس نے تلاشی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ نکسلائیٹس سے ہمدرد رہنے والوں پر بھی کڑی نظر رکھی گئی ہے۔ ضلع ملگ کے تاڈویئے منڈل کے حدود میں بندہال ریزور فاریسٹ علاقہ میں واقع موضع ویڈوگوڈم کے قریب پولیس نے ہتھیاروں کے بڑے ذخیرہ کو ضبط کرلیا ہے جس میں 4 ایس ایل آر سی 165 راونڈس بلٹس اور دیگر ہتھیار شامل ہیں۔ نکسلائیٹس کے انتباہ کے بعد اسمبلی حلقہ بیلم پلی کے کانگریس رکن اسمبلی سابق وزیر جی ونود کی سیکوریٹی بڑھا دی گئی ہے۔ ان کے آفس آنے جانے والوں کی تلاشی لی جارہی ہے۔ واضح رہیکہ ماویسٹ کول بیلٹ سکریٹری پربھات نے دھمکی آمیز مکتوب جاری کیا ہے۔ جس میں بیلم پلی میں رکن اسمبلی کے حامیوں کی ظلم و زیادتی بڑھ جانے کا دعویٰ کیا گیا۔ انہیں رکن اسمبلی کی مکمل تائید و حمایت ہونے کا تذکرہ کیا گیا ہے، جس کے بعد رکن اسمبلی جی ونود کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔2