ریاست میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر کے قیام کیلئے حکومت کا معاہدہ

,

   

فیوچر سٹی کا رقبہ 10 لاکھ مربع فیٹ ہوگا ۔ مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹکنالوجی والی کمپنیوں کیلئے مو قع

حیدرآباد 7 ستمبر ( سیاست نیوز ) حکومت تلنگانہ ریاست میں ورلڈ ٹریڈ سنٹر فیوچر سٹی قائم کرنے کی سمت پیشرفت کر رہی ہے ۔ اس سلسلہ میں ورلڈ ٹریڈ سنٹرس اسوسی ایشن کے ساتھ ایک معاہدہ پر دستخط کئے گئے ہیں۔ ورلڈ ٹریڈ سنٹر فیوچر سٹی کا قیام مجوزہ مصنوعی ذہانت کے شہر میں عمل میں آئیگا ۔ کہا گیا ہے کہ اس ورلڈ ٹریڈ سنٹر فیوچر سٹی کا تعمیری رقبہ 10 لاکھ مربع فیٹ ہوگا ۔ مجوزہ فیوچر سٹی میں ان کمپنیوں کا قیام عمل میں آ:ے گا جو نہ صرف ابھرتی ہوئی ٹکنالوجیز میں آگے ہیں بلکہ مصنوعی ذہانت کے شعبہ میں اہم مقام رکھتے ہیں۔ کہا جا رہا ہے کہ اس ورلڈ ٹریڈ سنٹر کو عالمی مصنوعی ذہانت میں سب سے زیادہ گنجائش والا مقام بنایا جائیگا ۔ وزیر آئی ٹی و صنعت ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ مجوزہ مصنوعی ذہانت کا شہر ریاستی حکومت کے اس منصوبہ کیلئے اہمیت کا حامل ہے کہ آئی ٹی ایکسپورٹس کو 32 بلین ڈالرس سے بڑھاتے ہوئے 200 بلین ڈالرس تک پہونچایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ شراکت داری عالمی اشتراک سے معیشت کو آگے بڑھانے تلنگانہ کے عہد کا امتحان ہے ۔ اس کے نتیجہ میں آئی ٹی ایکسپورٹس میں تیزی آئے گی اور تلنگانہ کو دنیا کے سر فہرست مصنوعی ذہانت انوویٹرس میں شمار کیا جائیگا ۔ ورلڈ ٹریڈ سنٹرس اسوسی ایشن کے ایگزیکیٹیو ڈائرکٹر ( بزنس ڈیولپمنٹ ) رابن وان پوین بروئیک نے تلنگانہ کیلئے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کا لائسنس جاری کئے جانے کی رفتار پر مسرت کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کسی نئے ورلڈ ٹریڈ سنٹر کیلئے لائسنس حاصل کرنا ایک طویل عمل ہوتا ہے ۔ تاہم تلنگانہ کی قیادت کا جو حوصلہ مندانہ ویژن ہے اس کو دیکھتے ہوئے ہم نے اس عمل میں تیزی پیدا کی ۔ اس لائسنس کو ایک ہفتے کے ریکارڈ وقت ہی میں منظوری دیدی گئی ۔ ورلڈ ٹریڈ سنٹر فیوچر سٹی کو ایک منی اسمارٹ سٹی کا بھی نام دیا جاسکتا ہے ۔ مصنوعی ذہانت کے شہر میں قائم ہونے والا یہ کیمپس عالمی معیار کے دفاتر کی جگہ ‘ ٹریڈ خدمات ‘ ٹریننگ سہولیات ‘ ریٹیل اور انٹرٹینمنٹ زونس باہمی لیونگ اسپیس ‘ ایک لگژری ہوٹل اور ایک ابتدائی نگہداشت صحت کی سہولت سے بھی مزین رہے گا ۔ آف اسپیس کے علاوہ یہاںملازمین کیلئے رہائش کا بھی نظم رہے گا جس سے واک ٹو ورک کے عنصر کو فروغ دینے میں مدد ملے گی ۔ اس سے ان کا قیمتی وقت بچ سکتا ہے اور وہ اپنے معیار زندگی کو بہتر بناسکتے ہیں۔ نائب صدر ورلڈ ٹریڈ سنٹر شمس آباد بھارگوا سری واری نے بتایا کہ یہ کیمپس میں تمام سہولیات کو یکجا کیا جائیگا اور یہ اپنی نوعیت کا پہلا اور منفرد کیمپس ہوگا ۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ سنٹر شمس آباد ایک 20 لاکھ مربع فیٹ کیمپس کا حصہ رہے گا جس میں جی سی سی اور دوسرے ٹیک فارچیون 500 کمپنیوں کے دفاتر بھی ہونگے ۔ انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار انداز میں اس کیمپس کو ایک لاکھ مربع فیٹ تک وسعت دینے کا بھی منصوبہ ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ورلڈ ٹریڈ سنٹر شمس آباد میں دو لاکھ مربع فیٹ جگہ مصنوعی ذہانت اور ابھرتی ہوئی ٹکنالوجیز والی کمپنیوں کیلئے مختص کی گئی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام سہولیات کے ساتھ ورلڈ ٹریڈ سنٹر فیوچرسٹی کے قیام میں کچھ وقت ضرور درکار ہوگا ۔