سرکاری ملازمین کی تنخواہ کا کچھ حصہ والدین کو دینے کے فیصلہ کی بھی ستائش
حیدرآباد ۔13 ۔ جنوری (سیاست نیوز) کانگریس کے سینئر قائد سابق رکن پارلیمنٹ وی ہنمنت راؤ نے حکومت کی جانب سے تلنگانہ میں چائنا مانجہ پر امتناع عائد کرنے کا خیرمقدم کیا ہے۔ حیدرآباد کے بتکماں کنٹہ میں باوقار طریقہ سے تعمیر کئے گئے پارک میں سنکرانتی کے موقع پر پتنگ اڑاتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ چینی مانجہ کے استعمال سے کئی بچے ، نوجوان اور بوڑھے زخمی ہورہے ہیں ، حکومت نے اس پر امتناع عائد کرتے ہوئے اہم فیصلہ کیا ہے جس کا وہ دل کی گہرائیوں سے خیرمقدم کرتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے بوڑھے ماں باپ کو نظر انداز کرنے والے سرکاری ایمپلائیز کی تنخواہوں میں کٹوتی کرنے کا جو فیصلہ کیا ہے ، وہ بھی قابل احترام ہیں۔ سماج میں اکثر دیکھا جارہا ہے کہ ماں باپ بچوں کو پڑھا لکھا کر اونچے عہدوں پر پہنچا رہے ہیں لیکن جب ماں باپ بوڑھے ہورہے ہیں تو بچے ان کی دیکھ بھال کو نظر انداز کر رہے ہیں۔ ان کی ضرورتوں کو بھی پورا نہیں کر رہے ہیں جس کے پیش نظر چیف منسٹر نے تاریخی فیصلہ کرتے ہوئے ماں باپ کو نظر انداز کرنے والے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں سے 10 تا 15 فیصد حصہ کاٹ کر والدین کو دینے کا جو فیصلہ کیا ہے ، وہ قابل ستائش ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ سماج تیزی سے ترقی کر رہا ہے، تاہم بزرگوں کی عزت اور سماجی توازن بگڑ رہا ہے جس کی وجہ سے معاشرہ میں خرابیاں پیدا ہورہی ہیں اور ان کے لئے ہم سب ذمہ دار ہیں ، سب کو اپنا اپنا محاسبہ کرنا چاہئے۔ آخر میں ہنمنت راؤ نے عوام کو سنکرانتی کی مبارکباد پیش کی۔2