ریاست میں ڈگری امتحان بھی نہیں ہونگے

   

سال اول و دوم کے طلبا پروموٹ ہونگے ۔ سال آخر کے طلبا کا 5 سمسٹرس کی بنیاد پر فیصلہ ہوگا
حیدرآباد18 جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں ڈگری امتحانات نہیں ہوں گے اور سال اول کے علاوہ سال دوم کے طلبہ کو اگلی جماعت میں داخل کردیا جائے گا جبکہ ڈگری سال آخر کے طلبہ کو اب تک ہوئے 5سمسٹرس اور انٹرنل مارکس کی بنیاد پر کامیاب کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی نے آج تلنگانہ کونسل برائے اعلی تعلیم کے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس میں ان امور پر تبادلہ خیال کیا اور عہدیداروں کی تجاویز حاصل کی ۔ ریاستی وزیر نے واضح کیا کہ ان امور پر قطعی فیصلہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کریں گے۔ ریاست میں جے این ٹی یو کے علاوہ عثمانیہ یونیورسٹی کے تحت انجنئیرنگ کالجس کے امتحانات پر یو جی سی سے جو فیصلہ کیا جائے گا اس کو قابل عمل بنایا جائے گا۔ وزیر تعلیم نے عہدیداروں سے ریاست کی دیگر جامعات میں امتحانات کے سلسلہ میں تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری تعلیم چترا رامچندرن ‘ مسٹر نوین متل‘ مسٹر پاپی ریڈی ‘ جناب سید عمر جلیل کے علاوہ بعض یونیورسٹیز کے عہدیدار موجود تھے۔ایس ایس سی امتحانا ت کی تنسیخ اور طلبہ کو کامیاب کرنے کے بعد حکومت کا دیگر امتحانات کے سلسلہ میں مشاورتی عمل جاری تھا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں تمام عہدیداروں نے ڈگری کے امتحانات منعقد نہ کرکے تمام طلبہ کو پاس کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ بی اے‘ بی ایس سی اور بی کام کے سال آخر کے طلبہ کو انٹرنل مارکس اور سمسٹرس کی بنیاد پر گریڈ دینے کی تائید کی ہے۔