ذیابطیس و ہائپر ٹنشن مریضوں میں اموات کی شرح زیادہ
حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں نوجوانوں کی تعداد زیادہ ہے اور اموات میں ذیابیطس اور ہائپرٹینشن کے مریضوں کی تعداد زیادہ ریکارڈ کی جار ہی ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے جمع کی جانے والی تفصیلات میں اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والوں میں 25تا35سال کے عمر کے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے ۔ ملک کی دیگر ریاستوں میں یہ صورتحال نہیں ہے لیکن تلنگانہ کے نوجوانوں میں کورونا وائرس کی تصدیق نے حکومت اور محکمہ صحت کو تشویش میں مبتلاء کیا ہوا ہے ۔ ریاست میں کورونا وائرس کے سبب ہونے والی اموات میں ان لوگوں کی تعداد زیادہ ہے جو پہلے سے ذیابیطس ‘ بلڈ پریشر یا دیگر عوارض کا شکار تھے جبکہ نوجوان جو کہ کورونا وائرس سے متاثر ہورہے ہیں وہ تیزی سے صحت یاب بھی ہورہے ہیں لیکن جن نوجوانوں کی قوت مدافعت کمزور ہے ان کو کورونا وائرس کا شکار ہونے کے بعد صحت مند ہونے میں کافی وقت لگنے لگا ہے اور جو شدید متاثر ہوچکے ہیں ان کی اموات بھی واقع ہورہی ہیں ۔ریاست میں ہونے والی اموات کے سلسلہ میں ماہرین کا کہناہے کہ کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں میں 5 فیصد بھی ایسے مریض نہیں ہیں جو قلب پر حملہ سے فوت ہورہے ہیں لیکن پھیپھڑوں کے متاثر ہونے سے فوت ہونے والوں کی تعداد زیادہ ہے اور اس میں عمر رسیدہ افراد کی بڑی تعداد شامل ہے۔