ریاست میں کورونا ٹیکہ اندازی کے دوسرے مرحلہ کا آغاز

   


معمرین اور مریضوں پر توجہ ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے بھی ٹیکہ لیا

حیدرآباد۔ تلنگانہ میں کورونا ٹیکہ اندازی کے دوسرے مرحلہ کا آغاز ہو گیا ۔ دوسرے مرحلہ میں حکومت کے منصوبہ کے تحت 60 سال سے زائد عمر کے افراد کے علاوہ 45تا59 سال کے افراد جو کہ مختلف عوارض میں مبتلاء ہیں انہیں ٹیکہ دینے کا عمل شروع کیا گیا ہے ۔ مسٹر ایٹالہ راجندر وزیر صحت نے حضور آباد سرکاری دواخانہ کریم نگر میں کورونا کا ٹیکہ لگایا۔ حکومت سے تلنگانہ میں 102 ٹیکہ اندازی کے مراکز قائم کئے گئے اور ان مراکز پر ٹیکہ اندازی کے عمل کے آغاز کیلئے cowin.gov.in پر رجسٹریشن کا عمل صبح 9 بجے شروع کیا گیا جس کے ساتھ تلنگانہ میں کئی مقامات پر ٹیکہ اندازی میں حصہ لینے والے شہریو ںکی جانب سے رجسٹریشن کا عمل شروع کردیاگیا ہے۔ دونوں شہروں میں محکمہ صحت کی جانب سے 12 مفت ٹیکہ اندازی کے مراکز کا قیام عمل میں لایا گیا اس کے علاوہ ریاست بھر میں 215 خانگی دواخانوں میں ادائیگی کے ساتھ ٹیکہ کے حصول کی سہولت فراہم کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے عہدیداروں نے بتایا کہ تلنگانہ میں ہر ضلع کے 2سرکاری ٹیکہ اندازی کے مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ کورونا سے محفوظ رہنے تلنگانہ میں سیرم انسٹیٹیوٹ آف انڈیا کی جانب سے تیار کردہ کووی شیلڈ کے علاوہ بھارت بائیوٹیک کی جانب سے تیار کردہ کوویکسن دیا جا رہاہے اور 60 سال سے زائد عمر کے شہریوں کی ٹیکہ اندازی کے انتظامات سے استفادہ حاصل کرنے والوں کی تعداد میں صبح سے اضافہ دیکھا جانے لگا تھا۔ عہدیداروں نے بتایا کہ محکمہ صحت کی جانب سے جن 102 مراکز پر ٹیکہ اندازی کے انتظامات کئے گئے ہیں ان پر 100 شہریوں کو ٹیکہ دینے کے انتظامات کو یقینی بنایا گیا ہے اور ہر مرکز پر 100 شہریوں کو ٹیکہ اندازی کا عمل مکمل کرنے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے اور عوام میں شعور بیداری مہم چلاتے ہوئے انہیں ٹیکہ لگوانے کی ترغیب دی جا رہی ہے ۔ کہا جا رہاہے کہ تلنگانہ میں سرکاری طور پر شعور بیداری کے منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے حضور آباد سرکاری دواخانہ کریم نگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کی موجودگی میں کورونا وائرس کا ٹیکہ لیا اور اس موقع پر ان کے ساتھ کئی ڈاکٹرس اور طبی عملہ کے ذمہ دار موجود تھے۔مسٹر ایٹالہ راجندر نے کورونا وائرس کا ٹیکہ لینے کے بعد ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ ریاست تلنگانہ میں کورونا وائرس کی دوسری لہر نہیں ہے لیکن اس کے باوجود محکمہ صحت کی جانب سے ریاست میں کورونا وائرس کے معائنوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا ہے۔