سرکاری مراکز سے 60.71 لاکھ اور خانگی مراکز سے 13.27 لاکھ ، جملہ 74 لاکھ ٹیکے دئیے گئے
حیدرآباد :۔ ریاست میں خانگی ہاسپٹلس کے ٹیکہ اندازی مراکز میں ویکسین لینے کے رجحان میں زبردست اضافہ ہوا ہے ۔ ماہرین کی جانب سے کورونا کا سامنا کرنے کے لیے ٹیکہ بہت بڑا ہتھیار ثابت ہونے کا اعلان کرنے کے بعد عوام میں زبردست شعور بیدار ہوا ہے اور ساتھ ہی کورونا کی تیسری امکانی لہر کے خوف سے ویکسین کے ڈیمانڈ میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ عوام بھاری تعداد میں ٹیکہ اندازی مراکز کو پہونچ رہے ہیں ۔ فی الحال سرکاری مراکز میں صرف چند زمرے کے لوگوں کو ٹیکہ دینے کی وجہ سے عوام زیادہ تر خانگی ٹیکہ اندازی مراکز کی طرف راغب ہورہے ہیں ۔ ریاست میں 656 سرکاری اور 29 خانگی ٹیکہ اندازی مراکز ہیں ۔ سرکاری مراکز سے فرنٹ لائن ورکرس ، ہیلت کیر ورکرس کے علاوہ ہائی ریسک زمرہ بندی کے تحت 45 سال مکمل کرنے والوں کو ٹیکہ دئیے جارہے ہیں ۔ خانگی مراکز میں 18 سال عمر مکمل کرنے والوں کو ٹیکے دئیے جارہے ہیں ۔ سرکاری مراکز میں مفت ٹیکے دئیے جارہے ہیں جب کہ خانگی مراکز میں چارجس وصول کئے جارہے ہیں ۔ خانگی مراکز میں روزانہ 2 ہزار سے زیادہ ویکسین دئیے جارہے ہیں ۔ تین دن قبل جمعرات کو ایک ہی دن میں 29 خانگی مراکز سے 57,922 اور 656 سرکاری مراکز میں 1,23,020 ٹیکے دئیے گئے ۔ ریاست بھر میں تین دن قبل 73,99,241 لاکھ ٹیکے دئیے گئے جس میں سرکاری مراکز سے 60,71,872 اور خانگی مراکز سے 13,27,369 ٹیکے دئیے گئے ۔ خانگی مراکز میں گذشتہ ایک ہفتہ سے ٹیکہ اندازی کی مہم میں شدت پیدا ہوئی ہے پہلے روزانہ 10 ہزار ٹیکے دئیے جاتے تھے جو اب بڑھ کر روزانہ 50 تا 60 ہزار ٹیکے دئیے جارہے ہیں ۔ خانگی ٹیکہ اندازی مراکز میں حکومت کی جانب سے مقرر کردہ فیس سے زیادہ چارجس اور سرویس چارجس اور دوسرے نام سے زیادہ پیسے وصول کرنے کی شکایتیں وصول ہورہی ہیں ۔۔