ریاست میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور گرمی میں اضافہ کا امکان

   

حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) ریاست کے کئی اضلاع میں اواخر اپریل میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور ماہ مئی کے اوائل میں لو اور گرم ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔ ریاستی محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق ماہ مئی کے اوائل میں درجہ حرارت 45تا47کے درمیان ریکارڈ کیا جائے گا جو کہ عام درجہ حرارت سے کافی زیادہ ہوگا۔ ڈاکٹر کے ناگا رتنا نے بتایا کہ محکمہ موسمیات کی جانب سے سال میں 44یوم گرم ہوائوں کی پیش قیاسی کی جاتی ہے اور ما مئی کے اوائل میں جو صورتحال ہوگی اس میں گرم ہوائیں چلنے کا خدشہ ہے اور اس دوران میں لو لگنے کے واقعات میں بھی اضافہ ہوسکتا ہے۔ ریاست تلنگانہ میں موسم گرما کے آخری ایام کے دوران صورتحال انتہائی ابتر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جار ہاہے اور کہا جا رہاہے کہ ماہ مئی کے آغاز کے ساتھ ہی ریاست کے مختلف اضلاع شہر حیدآباد‘ نلگنڈہ ‘کھمم‘ عاد ل آباد اور دیگر علاقوں میں صورتحال ابتر ہونے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کریم نگر‘ میں بھی درجہ حرارت میں اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے ۔ ڈاکٹر کے ناگا رتنا نے بتایا کہ اس سال درجہ حرارت معمول سے 6.5 ڈگری اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں سال گذشتہ کے دوران بھی 44 دن گرم ہوائیں چلتی رہیں اور محکمہ موسمیات کی جانب سے گرم ہوائوں کی قبل از پیش قیاسی کرتے ہوئے انتباہ بھی جاری کیاجاتا رہا ہے۔