ریاست میں یتیم بچے اسٹیٹ چلڈرنس کہلائیں گے، کابینی سب کمیٹی کا فیصلہ

   

خصوصی اسمارٹ شناختی کارڈ کی اجرائی ‘کے جی تا پی جی مفت تعلیم ‘ استحصال کرنے والوں پر مقدمات درج ہونگے
حیدرآباد ۔ 8 جنوری (سیاست نیوز) یتیم بچے تلنگانہ میں فرزندان ریاست کہلائیں گے۔ ان بچوں کے ساتھ سڑکوں اور سگنلس پر بھیک مانگنے لگاتے ہوئے تجارت کرنے والوں کے خَاف سخت کارروائی کرتے ہوئے پی ڈی ایکٹ لگائے جائیں گے۔ مسلم یتیم خانوں کے بچوں کو حکومت کی نگرانی میں لے لیا جائے گا۔ یتیم بچوں کو کے جی تا پی جی تک حکومت مفت تعلیم فراہم کرے گی۔ یتیم بچوں کو اسٹیٹ چلڈرنس تصور کرتے ہوئے خصوصی اسمارٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔ مختلف فلاحی اسکیمات متعارف کراتے ہوئے مثالی ریاست کہلانے والی تلنگانہ ریاست نے سارے ملک کیلئے فخریہ ثابت ہونے والی مزید ایک نئی اسکیم پر عمل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ تلنگانہ میں اب کوئی یتیم بچہ نہیں رہے گا بلکہ اب وہ اسٹیٹ چلڈرنس کہلائیں گے۔ وزیرقبائلی ویمن اینڈ چائلڈ ویلفیر ستیہ وتی راٹھوڑ کی قیادت میں تشکیل کردہ کابینی سب کمیٹی کا آج حیدرآباد میں ایک اجلاس منعقد ہوا جس میں ریاستی وزراء کے ٹی آر، ہریش راؤ، سبیتا اندرا ریڈی، ای دیاکر راؤ، سبیتا اندرا ریڈی، اندرا کرن ریڈی، جگدیش ریڈی، ٹی سرینواس یادو، سرینواس گوڑ جی کملاکر کے علاوہ خصوصی مدعوئین بی ونود کمار نے اجلاس میں شرکت کی۔ واضح رہیکہ کورونا بحران کے بعد یتیم ہونے والے بچوں کی کفالت کا جائزہ لینے کیلئے چیف منسٹر کے سی آر نے ایک کابینی سب کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے نئی قانون سازی کیلئے تجاویز پیش کرنے کی ہدایت دی تھی۔ عہدیداروں کی کمیٹی نے مختلف رضاکارانہ تنظیموں، یتیم خانے چلانے والے ذمہ داروں کے علاوہ دوسری اہم شخصیتوں سے تبادلہ خیال کرنے کے بعد کابینی سب کمیٹی کو ایک رپورٹ پیش کی ہے۔ یتیم بچوں کیلئے وصول ہوئے تجاویز کو پاور پوائنٹ کے ذریعہ کابینی سب کمیٹی کے ارکان کو بتایا ریاست میں چند افراد کی جانب سے یتیم بچوں کو فروخت کرنے کے علاوہ زبردستی بھیک مانگنے لگانے کے علاوہ ان سے بچہ مزدوری کرانے کی بھی شکایت وصول ہوئی ہے جس کا جائزہ لینے کے بعد اس کے تدارک اور ان کی دیکھ بھال کے ساتھ معیاری تعلیم فراہم کرنے اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کی بھی تجاویز تیار کی گئی ہے۔ سڑکوں اور سگنلس پر بھیک مانگنے والے بچوں کی نشاندہی کیلئے خصوصی مہم چلانے اور انہیں سرکاری ہومس یا شیلٹرس کو منتقل کرنے کی وزراء نے عہدیداروں کو ہدایت دی۔ یتیم بچوں کو سرکاری بچے قرار دیتے ہوئے ان کے لئے خصوصی اسمارٹ آئی ڈی کارڈ جاری کرنے کارڈ رکھنے والوں کیلئے انکم سرٹیفکیٹ، کاسٹ سرٹیفکیٹ اور دوسرے سرٹیفکیٹس سے استثنیٰ دینے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ ان کی فلاح و بہبود کیلئے گرین چینل کے ذریعہ فنڈز جاری کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے۔ن