ریاست کو منشیات سے پاک بنانے اینٹی نارکوٹک بیورو کی خصوصی حکمت عملی

   

عملہ کے تقررات پر توجہ، 24 گھنٹے نظر رکھنے اور کارروائی کرنے کے اقدامات
حیدرآباد۔/27 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ریاست کو منشیات سے پاک بنانے کیلئے اینٹی نارکوٹک بیورو نے خصوصی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔ نارکوٹک شعبہ کو مزید مستحکم کرنے کیلئے عملہ کے تقرر پر توجہ دی جارہی ہے۔ تینوں کمشنریٹس کے علاوہ ریاست کے ہر ضلع میں 24 گھنٹے نظر اور کارروائی کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ حیدرآباد کے انٹیگریٹیڈ کمانڈ کنٹرول سنٹر میں صدر دفتر قائم ہے اس کے علاوہ ٹاسک فورس شعبہ کے ساتھ حیدرآباد، سائبرآباد، راچہ کنڈہ اور ورنگل میں نارکوٹکس پولیس اسٹیشن، ورنگل، کریم نگر، نظام آباد، سنگاریڈی، کھمم ، محبوب نگر ریلوے ریجنل نارکوٹکس کنٹرول سل قائم کئے گئے ہیں۔ ورنگل میں حالیہ دنوں چیف منسٹر کی جانب سے پولیس اسٹیشن کا قیام عمل میں لایا گیا۔ حیدرآباد، راچہ کنڈہ اور سائبرآباد حدود کے پولیس اسٹیشنوں کو حیدرآباد ضلع میں حیدرآباد کلکٹریٹ کی قدیم عمارت میں قیام عمل میں لانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں اور ان پولیس اسٹیشنوںمیں کام کرنے کیلئے عملہ کی ضرورت ہے اور عملہ کے تقرر اور باصلاحیت عہدیداروں کو نارکوٹس میں شامل کرنے کیلئے مشق کی جارہی ہے۔ عملہ کے تقرر کے ساتھ ساتھ عملہ کی تمام ضروریات اور اقدامات کیلئے درکار سہولیات فراہم کرنے اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ عملہ کے علاوہ گاڑیوں کی تعداد میں اضافہ پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ نارکوٹکس کے ایک پولیس اسٹیشن میں ایک ڈی ایس پی، دو انسپکٹرس ، تین سب انسپکٹرس کو مقرر کیا گیا ہے۔ تحقیقات کیلئے ضروری کارروائیوں کیلئے ہیڈ کانسٹبل اور کانسٹبل کا تقرر کیا جائے گا جس کیلئے کوششیں کی جارہی ہیں۔ فی کس پولیس اسٹیشن میں چار ہیڈ کانسٹبل اور 7 کانسٹبلس کو مختص کیا جائے گا۔ اس طرح عملہ کی درکار تعداد کو پیش کیا گیا ہے جس کے مطابق صدر دفتر کیلئے 148 پولیس اسٹیشنوں کیلئے 72 انفورسمنٹ شعبہ کیلئے 60 اس طرح کُل 280 پولیس ملازمین کی خدمات درکار ہوں گی۔ ریاست بھر میں انفورسمنٹ اور کارروائیوںکیلئے نارکوٹکس کے 7 ایجنسی اور 26 انفورسمنٹ شعبے مقرر کئے گئے ہیں اور ان ایجنسیوں میں نارکوٹک انفورسمنٹ وِنگ اپنے اختیارات کا استعمال کرے گی۔ حیدرآباد میں حیدرآباد کمشنریٹ ایک ریجن کی طرح رہے گا جبکہ سائبرآباد کے تحت سائبر آباد کمشنریٹ سنگاریڈی ضلع شامل ہے۔ اس طرح راچہ کنڈہ کے تحت راچہ کنڈہ، نلگنڈہ، سوریہ پیٹ اضلاع ۔ ورنگل کے تحت ورنگل ، کھمم کمشنریٹ ملگ۔ جئے شنکر بھوپال پلی، محبوب آباد اور بھدرادری ، کتہ گوڑم اضلاع شامل ہیں۔ انفورسمنٹ شعبہ کے تحت ورنگل، کریم نگر، نظام آباد، سنگاریڈی، کھمم اور محبوب نگر شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ریلوے سکندرآباد شامل ہیں۔ع