ریاست کے ترقیاتی منصوبوں سے فینانس کمیشن مطمئن

   

کمیشن سے حکومت کی نمائندگی کے بعد ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 10 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے ریاست کی ترقی میں مکمل تعاون کرنے کی مرکزی حکومت سے اپیل کی ۔ ٹیکس آمدنی میں ریاستوں کی حصہ داری کو 41 فیصد سے بڑھا کر 50 فیصد کرنے کا مطالبہ کیا ۔ 16 ویں فینانس کمیشن سے ملاقات کے بعد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مختلف امور کی 16 ویں فینانس کمیشن سے نمائندگی کی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی اسکیمات سے استفادہ کرنے کے لیے کئی سخت قواعد سے گذرنا پڑرہا ہے جس کے نتیجے میں ریاستیں مرکزی حکومت کی اسکیمات سے استفادہ کرنے میں قاصر ہیں اور کئی دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ بھٹی وکرامارکا نے ریاستوں کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے مرکز کی اسکیمات تیار کرنے اور اس کی عمل آوری میں مکمل تعاون کرنے کی اپیل کی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی نئی ریاست ہے جو تمام شعبوں میں تیزی سے ترقی کررہی ہے ۔ تلنگانہ کی معاشی ترقی ناقابل فراموش ہے ۔ گذشتہ مالیاتی سال تک ریاست پر 6.85 لاکھ کروڑ روپئے کا قرض ہے ۔ سیس اور سرچارجس میں ریاستوں کو حصہ دینے کا مرکزی حکومت سے انہوں نے مطالبہ کیا ۔ فلاحی اسکیمات کو کامیابی سے چلانے بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے لیے ریاستوں کو مرکزی حکومت کا تعاون ضروری ہے ۔ اس پر خصوصی توجہ دینے کی اپیل کی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی 16 ویں فینانس کمیشن نے ریاست کے ترقیاتی منصوبوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے ۔ ریاست کی ترقی ، فلاحی اسکیمات و دیگر امور کی انجام دہی کے لیے مرکز سے تلنگانہ کو مکمل تعاون کرانے کا تیقن دیا ہے ۔۔ 2