رنگا ریڈی کے 150 سالہ قدیم اسکول کا دورہ ، طالبات کے ساتھ بھٹی وکرمارکا اور پونم پربھاکر کا لنچ
حیدرآباد ۔30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارکا اور وزیر ٹرانسپورٹ پونم پربھاکر نے آج رنگا ریڈی ضلع میں موگلی گڈا گورنمنٹ اسکول کی 150 ویں یوم تاسیس تقاریب میں شرکت کی ۔ اس موقع پر دونوں وزراء نے قریب میں واقع کستوربا گاندھی گرلز اقامتی اسکول کا اچانک معائنہ کرتے ہوئے بنیادی سہولتوںکی فراہمی کا جائزہ لیا۔ بھٹی وکرمارکا نے طالبات سے بات چیت کی اور اسکول اور ہاسٹل میں دی جانے والی سہولتوں کے بارے میں استفسار کیا۔ بھٹی وکرمارکا اور پونم پربھاکر نے طالبات کے ساتھ لنچ کیا اور سربراہ کی جانے والی غذا کے بارے میں تفصیلات حاصل کی۔ بھٹی وکرمارکا نے کلاسس میں سہولتوں کے علاوہ اساتذہ کے معیار تعلیم ، غذا اور رہائشی سہولتوں کے بارے میں سوالات کئے۔ بھٹی وکرمارکا نے طالبات سے کہا کہ وہ اپنے تابناک مستقبل کو پیش نظر رکھتے ہوئے تعلیم پر توجہ مرکوز کریں۔ انہوں نے ہاسٹل اور اسکول انتظامیہ سے تدریسی اور غیر تدریسی سرگرمیوں کے بارے میں تفصیلات حاصل کیں۔ بھٹی وکرمارکا نے گورنمنٹ ہائی اسکول کی یوم تاسیس تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ریاست کی معاشی صورتحال بہتر ہوتی ہے تو کابینہ نے سرکاری اسکولوں میں مفت ناشتہ فراہم کرنے کی تجویز رکھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی کے انتخابی حلقہ میں پائلٹ پراجکٹ کے طور پر مفت ناشتہ کی سربراہی اسکیم متعارف کی گئی ہے۔ اگر ریاست کی مالی حالت بہتر ہوتی ہے تو تمام سرکاری اسکولوں میں ناشتہ سربراہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی نشو و نما کے لئے صحت بخش غذا ضروری ہے اسی لئے حکومت ناشتہ اسکیم متعارف کرنے پر غور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر اسمبلی حلقہ میں انٹیگریٹیڈ اقامتی اسکولوں کے قیام کا سلسلہ جاری ہے ۔ ہر اسکول پر 200 کروڑ کا خرچ آئے گا ۔ 100 اسمبلی حلقوں میں 20,000 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں تاکہ غریب بچوں کو معیاری تعلیم حاصل ہو۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے بتایا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے گزشتہ سال اسکول کے لئے 10 کروڑ روپئے مختص کئے تھے جس کے تحت ترقیاتی کام جاری ہیں۔ انہوں نے آئی ٹی آئی اداروں کو اسکل ڈیولپمنٹ سنٹرس میں تبدیل کرنے سے واقف کرایا اور کہا کہ نوجوانوں کے لئے اسکل ڈیولپمنٹ ترقی کی اہم کلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری دواخانوں میں بہتر طبی خدمات کی فراہمی کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 150 سالہ قدیم موگلی گڈا اسکول کی عظیم تاریخ ہے جہاں 1952 تک اردو میڈیم میں تعلیم دی جاتی رہی جس کے بعد تلگو میڈیم متعارف کیا گیا۔ 2008 میں ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے تمام سرکاری اسکولوں میں انگلش میڈیم کو متعارف کیا ۔1