تلنگانہ مسلم ریزرویشن فرنٹ کے وفد کی قومی پسماندہ طبقات کمیشن سے نمائندگی ، تعلیم و روزگار میں ناانصافی کا تذکرہ
حیدرآباد ۔ 9 ۔ جولائی : ( پریس نوٹ): قومی پسماندہ طبقات کمیشن نے آج حیدرآباد کا دورہ کرتے ہوئے رویندرا بھارتی آڈیٹوریم پر عوامی سماعت منعقد کی ۔ اس موقع پر مسٹر محمد افتخار الدین ایڈوکیٹ و ریاستی صدر مسلم ریزرویشن ریاست تلنگانہ کی قیادت میں ایک وفد جس میں محمد محمود ریاستی سکریٹری ، محمد احمد علی ثنا ، حافظ محمد ادریس جوائنٹ سکریٹریز شامل تھے ۔ صدر نشین قومی پسماندہ کمیشن مسٹر بھون لال ساہنی و اراکین کمیشن سے ملاقات کرتے ہوئے ایک یادداشت پیش کی ۔ وفد نے کمیشن کو ریاست تلنگانہ کے مسلم پسماندہ طبقات کی تعلیمی و سماجی پسماندگی اور ان کے ساتھ تعلیم اور روزگار کے میدانوں میں ہورہی نا انصافیوں سے واقف کروایا ۔ مسلم ریزرویشن فرنٹ نے کمیشن سے مطالبہ کیا کہ ریاست تلنگانہ کے پسماندہ طبقات کے فہرست میں شامل (BC-E) گروپ میں شامل تمام 14 مسلم طبقات کو مرکزی حکومت کے پسماندہ طبقات کی فہرست میں شامل کیا جائے تاکہ مرکزی حکومت کے زیر انتظام تعلیمی اداروں سنٹرل یونیورسٹیز اور آل انڈیا سرویسس ، ریلوے ، انکم ٹیکس و دیگر مرکزی محکموں کے ملازمتوں میں دیگر پسماندہ طبقات کو حاصل 27% تحفظات کے ذریعہ مسلم پسماندہ طبقات کو بھی موقع مل سکے ۔ مرکزی حکومت کی دیگر پسماندہ طبقات کی فہرست میں دیگر طبقات کے ساتھ ساتھ مسلم پسماندہ طبقات جیسے مسلم مہتر ، لداف ، بنجارے ، نور باش ، دودیکولا ، مسلم قصاب ، مسلم فقیر ( درویش ) شامل ہیں ۔ یہ طبقات دیگر پسماندہ طبقات کی فہرست (OBC List) میں شامل ہونے کے باوجود مرکزی تعلیمی اداروں اور مرکزی محکموں میں ملازمتوں کے حصول سے محروم ہیں ۔ موجودہ مرکزی حکومت نے دیگر پسماندہ طبقات کی زمرہ بندی کرنے کے لیے جسٹس جی روہنی ، سابقہ چیف جسٹس دہلی ہائی کورٹ کی قیادت میں ایک کمیشن قائم کیا تھا ۔ مسلم ریزرویشن فرنٹ نے کمیشن کی سماعت میں حصہ لیتے ہوئے ملک میں دیگر پسماندہ طبقات کو حاصل ہونے والے تحفظات پر تفصیلی رپورٹ پیش کی ۔ انہوں نے دلائل پیش کرتے ہوئے کہا کہ دیگر پسماندہ طبقات کو حاصل 27 فیصد تحفظات میں مسلم پسماندہ طبقات کی نمائندگی صفر کے برابر ہے ۔ انہوں نے کمیشن سے مطالبہ کیا کہ مرکزی حکومت کے دیگر پسماندہ طبقات میں شامل مسلم پسماندہ طبقات کی علحدہ زمرہ بندی کرتے ہوئے ان طبقات کو کم از کم 5 فیصد تعلیم اور روزگار میں تحفظات فراہم کئے جائیں ۔ ریاست تلنگانہ کے پسماندہ طبقات کی فہرست میں BC-E گروپ کے تحت شامل تمام 14 مسلم طبقات کو مرکزی حکومت کی OBC فہرست میں شامل کیا جائے ۔ مسلم ریزرویشن فرنٹ نے مسلم پسماندہ طبقات کے حالات کا جائزہ لینے کے لیے کمیشن سے ریاست تلنگانہ اور دیگر ریاستوں کا دورہ کرنے کی اپیل کی ۔ وفد نے کمیشن سے مطالبہ کیا کہ جسٹس رنگناتھ مشرا کمیشن کی سفارشات کے مد نظر دلت مسلم ، دلت کرسچن کو درج فہرست اقوام ( SC’s ) کے زمرہ میں شامل کیا جائے ۔ قومی پسماندہ طبقات کمیشن نے مسلم ریزرویشن فرنٹ کے تجاویز کو بغور سماعت کے بعد تیقن دیا کہ وہ مرکزی حکومت سے ریاستی حکومت کی پسماندہ طبقات کی فہرست میں (BC-E) گروپ کے تحت شامل تمام 14 مسلم پسماندہ طبقات کو مرکزی حکومت کے پسماندہ طبقات کی فہرست ( OBC ) میں شامل کرنے کے لیے سفارش کرے گا ۔۔
