رپورٹ تیار کرنے چیف سکریٹری کو کے سی آر کی ہدایت ۔آج سے شہر میں بھی بارش کا امکان
حیدرآباد۔23اپریل(سیاست نیوز) تلنگانہ کے مختلف اضلاع میں گذشتہ دو یوم سے جاری غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ برقرار ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ایک ہفتہ میں بھی غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور 24 اپریل سے شہر اور نواحی علاقو ںمیں بھی غیر موسمی بارشوں کے سبب درجہ حرارت میں گراوٹ متوقع ہے۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے چیف سیکریٹری اے ۔ سانتی کماری کو گذشتہ دو یوم میں اضلاع میں بارشوں کے سبب فصلوں کو نقصان کا تخمینہ لگانے اور تفصیلات حکومت ک پیش کرنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ جمعہ کی شب سے جاری ہلکی اور تیز بارشوں اور ژالہ باری کے سبب بیشتر اضلاع میں فصلوں بالخصوص آم کی فصل کو شدید نقصان ہوا ہے ۔ کسانوں اور کاشتکاروں کے مطابق آم کے علاوہ دیگر فصلوں کو نقصان ہوا ہے کیونکہ غیر موسمی بارشوں سے فصلیں تیار ہونے سے قبل تباہ ہوچکی ہیں۔بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر کے سی آر نے تمام اضلا ع کے کلکٹرس کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے اضلاع میں غیر موسمی بارشوں کے سبب نقصانات کے متعلق رپورٹ تیار کرکے چیف سیکریٹری کو روانہ کریں ۔ محکمہ موسمیات اور ماہرین کے مطابق تلنگانہ میں آئندہ ایک ہفتہ میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور گذشتہ دو یوم سے وقار آباد‘ رنگاریڈی‘ گھٹکیسر‘ یادادری‘ کریم نگر‘ ورنگل ‘ سدی پیٹ و دیگر اضلاع میں بارش جاری ہے۔ جمعہ کی شب حیدرآبادو سکندرآباد کے بعض علاقوں میں بارش اور ہلکی بوندا باندی ریکارڈ کی گئی تھی لیکن اس کے بعد دو یوم سے شہر میں موسم خشک ہے جبکہ ماہرین کا کہناہے کہ 24اپریل سے شہر میں غیر موسمی بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا جو ایک ہفتہ جاری رہنے کا امکان ہے۔ خانگی ماہرین موسمیات کے مطابق شہر اور تلنگانہ اضلاع میں گرمی کی شدت میں اضافہ سے پیدا موسمی تبدیلی کے نتیجہ میں بارشوں کایہ سلسلہ شروع ہوا ہے لیکن سرکاری محکمہ موسمیات سے توثیق نہیں کی گئی لیکن یہ کہا جا رہاہے کہ آئندہ ہفتہ کے دوران ریاست تلنگانہ کے اضلاع بشمول حیدرآباد وسکندرآباد میں بھی بارش ریکارڈ کی جائے گی۔