ریاستوں کو اختیارات فراہم کرنے مرکز سے مطالبہ

   

حیدرآباد 29 جنوری (سیاست نیوز) رکن پارلیمنٹ محبوب نگر مسٹر جیتندر ریڈی نے مرکز سے پھر ایک بار مطالبہ کیا ہے کہ وہ ریاستوں کو اختیارات فراہم کرے۔ اُنھوں نے اپنے بیان میں کہاکہ مرکز کو چاہئے کہ وہ ریاستی حکومت کو اختیارات فراہم کرے تاکہ بہتر انداز میں عوامی خدمات کی فراہمی اور تیز رفتار ترقی کو یقینی بنایا جاسکے۔ انھوں نے کہاکہ مرکزی بجٹ سے ریاستوں کو بجٹ تقسیم کیا جانا چاہئے اور ساتھ ہی تحفظات کی فراہمی کے اختیارات بھی مرکز کو چاہئے کہ وہ ریاستوں کے سپرد کردے۔ اُنھوں نے مرکز پر زور دیا کہ خارجی اور دفاع کے علاوہ دیگر اُمور میں ریاستوں کو اختیارات کی فراہمی سے نظم و نسق کی بہتر اور تیز رفتار ترقی ہوگی۔ اُنھوں نے ترقیاتی اقدامات زرعی شعبہ میں اقدامات اور کسانوں کے لئے حکومت تلنگانہ کی جانب سے جاری اقدامات سے دیگر ریاستوں کو سبق سیکھنا چاہئے۔ اُنھوں نے کہاکہ چیف منسٹر کے سی آر نے ترقیاتی اقدامات کی عمل آوری میں تاریخ رقم کی ہے۔