آن لائین حصول تعلیم کے رجحان میں اضافہ: رمیش پوکھریال
حیدرآباد۔22اپریل(سیاست نیوز) ملک کی ریاستیں اپنے طور پر تعلیمی سال کا تعین کرسکتی ہیں اور تعطیلات کے ایام کو تبدیل کرنے کا اختیار ریاستی حکومتوں کو مرکز کی جانب سے دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیر فروغ انسانی وسائل رمیش پوکھریال نے مؤخر انگریزی روزنامہ کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں یہ بات کہی۔ انہو ںنے بتایا کہ لاک ڈاؤن کی صورتحال کے دوران ملک میں آن لائن تعلیم کے حصول کا رجحان بڑھا ہے اور حکومت کو تعلیمی سال کی تیاری کے معاملہ میں کئی مسائل کا سامنا ہے اسی لئے مرکزی حکومت نے ریاستی حکومتوں کو تعلیمی کیلنڈر کی تیاری کا اختیار دیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ ملک کی مختلف ریاستوں کے مختلف حالات کے پیش نظر یہ اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مرکزی وزیر نے اپنے انٹرویوں کے دوران بتایا کہ سی بی ایس سی بورڈ کے امتحانات کے انعقاد میں ہونے والے مسائل کا سلسلہ 2021 کے دوران بھی جاری رہنے کا خدشہ ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ ان حالات میں طلبہ ذہنی تناؤ کا شکار ہوئے بغیر آن لائن کے ذریعہ تعلیم کو اختیار کرتے ہوئے اپنے سلسلہ تعلیم کو جاری رکھیں گے۔ مسٹر رمیش پوکھریال نے بتایا کہ ملک کی مختلف ریاستو ںمیں میں حالات یکساں نہیں ہیں اسی لئے ریاستوں کو اس بات کا بھی استحقاق حاصل ہوگا کہ وہ لاک ڈاؤن کی مدت کو گرمائی تعطیلات میں شمار کریں یا نہ کریں کیونکہ سلسلہ تعلیم کو جاری رکھنے کے علاوہ اسکولوں کی کشادگی کا فیصلہ کریں۔ انہو ںنے بتایا کہ وزارت فروغ انسانی وسائل کی جانب سے جو منصوبہ بندی کی جا رہی ہے اس کے مطابق مستقبل قریب میں 100 فیصد آن لائن طرز تعلیم کو روشناس کروانے کی حکمت عملی تیار کی جائے گی۔