فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات میں تلنگانہ سرفہرست
ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں ای راجندر کیساتھ شرکت
حیدرآباد 16 جنوری (سیاست نیوز) نائب صدرنشین تلنگانہ پلاننگ بورڈ بی ونود کمار نے الزام عائد کیاکہ مرکزی حکومت ریاستی اسکیمات پر عمل آوری کے لئے فنڈس کی اجرائی سے گریز کررہی ہے۔ ٹی آر ایس حکومت نے مرکز کے تعاون کے بغیر ہی بلدی علاقوں میں ترقیاتی کام انجام دیئے اور عوام کو بہتر بنیادی سہولتوں کا انتظام کیا۔ ونود کمار آج حضور آباد اور حسن آباد میں ٹی آر ایس امیدواروں کے حق میں انتخابی مہم کے دوران خطاب کررہے تھے۔ اُنھوں نے کہاکہ اِن دونوں بلدیات میں تمام نشستوں پر ٹی آر ایس کی کامیابی یقینی ہے کیوں کہ وہ عوام میں ٹی آر ایس کے حق میں لہر دیکھ رہے ہیں۔ ریاستی وزیر صحت ای راجندر اور ارکان مقننہ ستیش کمار، ایس بال کشن، شنکر ریڈی اور تروملا تروپتی دیواستھانم بورڈ کے رکن راملو اور دیگر اہم قائدین کے ہمراہ ونود کمار نے انتخابی مہم میں حصہ لیا۔ ونود کمار نے قائدین کو مشورہ دیا کہ ہر وارڈ میں انتخابی مہم پر توجہ دیں اور پارٹی انچارج کی ذمہ داری ہے کہ وہ دیگر قائدین کے ساتھ بہتر تال میل برقرار رکھتے ہوئے پارٹی کی کامیابی کو یقینی بنائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ انتخابی مہم میں ترقی ٹی آر ایس کا ایجنڈہ ہے اور رائے دہندوں کو حکومت کی اسکیمات سے آگاہ کرنے کی ضرورت ہے۔ انتخابی مہم کے اختتام تک امیدواروں اور قائدین کو عوام کے درمیان رہنا چاہئے۔ اُنھوں نے سوشل میڈیا کے ذریعہ انتخابی مہم کا مشورہ دیا اور کہاکہ موجودہ حالات میں نئی نسل کو سوشل میڈیا کے ذریعہ قریب کیا جاسکتا ہے۔ حکومت کی اسکیمات کے استفادہ کنندگان اور خاص طور پر کلیان لکشمی اور شادی مبارک کے استفادہ کنندگان سے ملاقاتیں کی جائیں۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی قائدین مرکز سے فنڈس کی اجرائی کا دعویٰ کررہے ہیں جبکہ ریاست کی کسی بھی اسکیم کے لئے مرکز نے فنڈس جاری نہیں کئے۔ اُنھوں نے کہاکہ کانگریس اور بی جے پی میں ایسی طاقت نہیں کہ وہ ٹی آر ایس کو شکست دے سکیں۔ اُنھوں نے کہاکہ سماج کے تمام طبقات کی بھلائی کے لئے ٹی آر ایس کی کامیابی ضروری ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کمزور طبقات کی بھلائی میں سنجیدہ ہیں۔ اُنھوں نے ریاستی وزراء ہریش راؤ اور ای راجندر کی ستائش کی جنھوں نے اِن علاقوں میں کئی ترقیاتی اسکیمات کا آغاز کیا۔