ریاستی جمعیت القریش کا اجلاس،فلاحی اسکیمات کو منظوری: محمد سلیم

   

حیدرآباد ۔ 10۔ اپریل (سیاست نیوز) جمعیت القریش کی ریاستی عاملہ کا اجلاس آج حیدرآباد میں صدر تنظیم جناب محمد سلیم کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں تنظیم کی کارکردگی کو مزید وسعت دینے کے لئے عہدیداروں اور ارکان کی رائے حاصل کرتے ہوئے بعض فیصلے کئے گئے۔ جناب محمد سلیم کے مطابق تنظیم کی جانب سے غریب اور مستحق افراد کے علاج کیلئے امداد دینے کا فیصلہ کیا گیا ۔ اس کے علاوہ ضعیف اور بے سہارا مرد و خواتین کو جمعیت کی جانب سے ماہانہ وظیفہ مقرر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مختلف امراض کے سلسلہ میں الگ الگ رقم کا تعین کیا گیا ہے ۔ غریب اور مستحق طلبہ کو تعلیم جاری رکھنے کیلئے اسکالرشپ منظور کی جائے گی۔ تنظیم نے لا وارث میتوں کی تدفین کے لئے رقم منظور کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ غریب اور مستحق لڑکیوں کی شادی کے موقع پر جمعیت القریش دست تعاون دراز کرتا ہے ۔ شادیوں کے لئے امداد کی اجرائی کا سلسلہ جاری رہے گا اور ضرورت پڑنے پر امدادی رقم میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ جناب محمد سلیم تلنگانہ اور آندھراپردیش میں جمعیت کے صدر اور آل انڈیا تنظیم کے نائب صدر ہیں۔