چیف منسٹر نے دہلی سے صورتحال کا جائزہ، عوامی نمائندے اپنے حلقہ جات میں قیام کریں
حیدرآباد۔/7 ستمبر، ( سیاست نیوز) ریاست میں شدید بارش پر چیف منسٹر چندر شیکھرراؤ نے نئی دہلی سے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا اور چیف سکریٹری سومیش کمار کو بارش سے متاثرہ تمام اضلاع میں سخت چوکسی کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ تمام ضلع کلکٹرس کو نشیبی علاقوں پر توجہ دے کر عوام کو محفوظ مقامات منتقل کرنے چاہیئے۔ چیف منسٹر نے چیف سکریٹری کو ہدایت دی کہ وہ یقینی بنائیں کہ ضلع کلکٹرس اور سرکاری مشنری مکمل چوکس رہے اور وقتاً فوقتاً متاثرہ علاقوں میں ضرورت کے اعتبار سے بچاؤ اقدامات کئے جائیں۔ چیف منسٹر نے دیہی علاقوں میں موسلا دھار بارش کے سبب تالابوں، جھیلوں اور دیگر ذخائر آب کے لبریز ہونے پر حکام کو چوکسی کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ ذخائر آب لبریز ہونے سے مقامی عوام کو مشکلات سے بچانے پر توجہ دی جائے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ بجلی، سڑکوں اور ڈرینج جیسے شعبہ جات سے متعلق حکام کو ہائی الرٹ کی ضرورت ہے تاکہ نقصانات سے بچا جاسکے۔ چیف منسٹر نے محکمہ بلدی نظم ونسق، پنچایت راج، عمارات و شوارع اور محکمہ توانائی کے تمام ملازمین کو چوکسی کی ہدایت دی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ نشیبی علاقوں کے افراد مشکلات سے دوچار نہ ہوں اور محکمہ آبپاشی کو ضروری اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ راحت کاری اور متبادل انتظامات سے عوام کو نقصانات سے بچایا جانا چاہیئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ محکمہ موسمیات کے ریڈ الرٹ کے پیش نظر این ڈی آر ایف اور ڈیساٹر مینجمنٹ کی ٹیموں کو چوکنا کردیا جائے۔ انہوں نے عوامی نمائندوں سے خواہش کی کہ متعلقہ حلقہ جات میں قیام کرکے بچاؤ اور راحت میں تعاون کریں۔ چیف منسٹر نے عوام بالخصوص نشیبی علاقوں کے عوام سے اپیل کی کہ وہ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں اور آئندہ چند دنوں تک موسلا دھار بارش کے امکانات کو دیکھتے ہوئے چوکس رہیں۔R