عثمانیہ ہاسپٹل کی ہیرٹیج عمارت کا تحفظ کیا جائے، خالی اراضی پر نئی تعمیر کا مطالبہ
حیدرآباد: سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے ریاستی وزراء کو انتباہ دیا کہ وہ اپنی زبان کو قابو میں رکھیں۔ اگر کانگریس پارٹی پر تنقیدوں کا سلسلہ بند نہیں کیا گیا تو اسی زبان میں جواب دیا جائے گا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے ریاستی وزیر سرینواس یادو کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ وہ اپنے غیر ذمہ دارانہ بیان کے ذریعہ چیف منسٹر کی خوشنودی حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر کی اس قدر تعریف نقصان دہ ہوگی ۔ سیاست میں باوقار طریقہ سے گفتگو کی جانی چاہئے اور ریاستی وزیر کو زیب نہیں دیتا کہ وہ کانگریس کو کورونا سے زیادہ خطرناک کہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ کانگریس پارٹی میں کبھی بھی عثمانیہ ہاسپٹل کی نئی عمارت تعمیر کرنے کی مخالفت نہیں کی ۔ پارٹی کا مطالبہ ہے کہ موجودہ ہیرٹیج عمارت کا تحفظ کرتے ہوئے خالی جگہ پر نئی عمارت تعمیر کی جائے ۔ انہوں نے تعمیر میں رکاوٹ کیلئے انہیں ذمہ دار قرار دینے کی مذمت کی۔ انہوں نے عثمانیہ ہاسپٹل کی ابتر صورتحال کیلئے حکومت کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ معمولی بارش کے ساتھ ہی پانی وارڈس میں داخل ہوچکا ہے۔ چیف منسٹر نے پانچ سال قبل نئی عمارت کی تعمیر کا اعلان کیا تھا ۔ حکومت کو عثمانیہ ہاسپٹل کی ترقی سے کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ سکریٹریٹ کے بجائے کے سی آر کو طبی سہولتوں پر توجہ دینی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات کی خدمت جاری رکھیں گے، ان کی دعاؤں کے سبب وہ صحت یاب ہوئے ہیں۔ انہوں نے پارٹی میں حقیقی قائدین کو ترجیح دینے کا مطالبہ کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ درمیان میں آنے والے پارٹی قائدین کو اہم عہدوں پر فائز کرنا ٹھیک نہیں ہے۔